خیبرپختونخوا اسمبلی میں ارکان کے کوٹ اتروانے پر ہنگامہ آرائی 

249

پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک) خیبر پختونخوا اسمبلی میں سینیٹ الیکشن کے دوران ارکان کے کوٹ اتروانے پر تلخ کلامی اور ہنگامہ آرائی ہوگئی۔ سینیٹ انتخابات میں الیکشن کمیشن نے ارکان اسمبلی کو کوٹ اتار کر ووٹ ڈالنے کا حکم دیا تھا جبکہ پولنگ کے دوران اراکین اسمبلی کی تلاشی بھی لی جارہی ہے۔ اس پر پیپلز پارٹی کے ارکان اسمبلی کی الیکشن کمیشن کے عملے کے ساتھ تلخ کلامی ہوگئی۔ اسپیکر اسمبلی نے کوٹ پہن کر ووٹ ڈالنے کی کوشش کی تو اپوزیشن ارکان اسمبلی نے اس پر شور شرابا کیا۔ ریٹرننگ افسر (آر او) نے ضیااللہ آفریدی اور نگہت اورکزئی کے اعتراض کرنے پر اسپیکر سے کوٹ اتاروادیا۔ کوٹ اتارنے کے معاملے پر کچھ ہی دیر بعد اسمبلی میں دوبارہ ہنگامہ آرائی ہوئی جب نگہت اورکزئی اور تحریک انصاف کے ایم پی اے فضل الٰہی کے مابین جھڑپ ہوگئی۔ نگہت اورکزئی نے کوٹ نہ اتارنے پر اعتراض کیا تو فضل الٰہی غصے میں آگئے اور بولے روک سکتے ہو تو روک لو کوٹ نہیں اتاروں گا لیکن الیکشن عملے کے کہنے پر فضل الہٰی کو کوٹ اتارنا پڑا جس کے بعد انہیں ووٹ ڈالنے کی اجازت ملی۔اراکین اسمبلی نے پولنگ ایجنٹوں سے شکایت کی کہ پولنگ بوتھ کے عین اوپر مانیٹرنگ کے لیے کیمرہ نصب کیا گیا ہے جو انتہائی نامناسب فعل ہے ۔ عملے نے شکایت کے بعد کیمرہ بند کردیا۔