مشتاق خان کا سینیٹر منتخب ہونااسلام پسند قوتوں کی فتح ہے

135

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی کے رہنماؤں سردارظفرحسین خان ایڈووکیٹ ،انجینئر عظیم رندھاوا ،رانا وسیم احمد،محبوب الزماں بٹ،غلام عباس خان نے صوبہ خیبر پختونخواہ میں جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مشتاق احمد کو سینیٹر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ مشتاق احمدخاں کا بطور سینیٹر منتخب ہونااسلام پسند جمہوری قوتوں کی فتح ہے،ایک ایک ووٹ کے لیے کروڑوں روپے خرچ کرنے والوں کے مقابلے میں ایک عام سیاسی کارکن کا سینیٹر منتخب ہونا نیک شگون ہے جس کا سارا کریڈٹ جماعت اسلامی کے ان ارکان کو جاتا ہے جنہوں نے ہارس ٹریڈنگ اور کروڑوں روپے کی آفرز ٹھکرا کراپنے ایک عام ساتھی کو سینیٹر منتخب کروایاہے۔ ملک بھر میں صرف جماعت اسلامی کے ارکان اسمبلی ہی ہیں جو امانت کا اور صداقت کا جذبہ رکھتے ہوئے استقامت کے پہاڑ بنے رہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں صرف اورصرف جماعت اسلامی ہی واحد دینی اور سیاسی جماعت ہے جہاں احتساب اور انتخاب کامؤثرنظام موجود ہے۔جماعت اسلامی کے سیکڑوں نمائندے مختلف ادوار میں منتخب ہوکر قومی وصوبائی اسمبلیو ں اور سینیٹ میں رہے مگر الحمدللہ کسی ایک شخص پر بھی کرپشن اور اختیارات کے ناجائزاستعمال کا الزام نہیں۔ خدمت خلق جماعت اسلامی کا طرہ امتیاز ہے ۔انہوں نے کہاکہ عوام آئندہ 2018ء کے انتخابات میں جماعت اسلامی پر اعتماد کا اظہارکریں۔ہم لوگوں کو درپیش مسائل مہنگائی،بے روزگاری، لوڈشیڈنگ، لاقانونیت،بدعنوانی،ڈرون حملوں اور اقربا پروری سے نجات دلائیں گے ۔ہم پاکستان کو حقیقی معنوں میں ترقی وخوشحالی کے راستے پر گامزن کرسکتے ہیں ۔ ملک سے کرپشن کاوہی قیادت خاتمہ کرسکتی ہے جس کا اپنا دامن صاف ستھرااور کردار بے داغ ہو۔