ہمارے دروازے ن لیگ سمیت کسی سیاسی جماعت کیلیے بند نہیں،وزیراعلی بلوچستان 

214

کوئٹہ(صباح نیوز)وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کے لیے بھی ہمارے دروازے کھلے ہیں اور کسی سیاسی جماعت کے لیے ہمارے دروازے بند نہیں، سینیٹ انتخابات کے بعد سیاسی جماعتوں سے بات چیت کریں گے، بلوچستان کے عوام کے مفاد میں جو فیصلہ ہوگا اس کا ساتھ دیں گے، بلوچستان میں سینیٹ انتخابات میں کوئی ہارس ٹریڈنگ نہیں ہوئی،اگر ہم ہارس ٹریڈنگ کرتے تو دیگر جماعتوں کے بلوچستان سے سینیٹرز منتخب
نہ ہوتے،6 سینیٹ نشستیں جیتنا بھی ہماری کامیابی ہے، ہم تمام جماعتوں سے بات کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نومنتخب سینیٹرز کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ ہمارے گروپ کے ارکان متحد رہے اور ہمارے6 سینیٹرز منتخب ہو گئے،ہماری ایک، 2 اور سینیٹرز منتخب کرانے کی کوشش تھی مگر اس میں ہم کامیاب نہیں ہوئے، ہمارے ایک رکن منظور کاکڑ کے خلاف راتوں رات فیصلہ آ گیا اور اسے نااہل قرار دیا گیا جنگی بنیادوں پر 3روز تک سماعت کے بعد منظور کاکڑ کو نااہل قرار دیا گیا،الیکشن کمیشن میں روزانہ کی بنیاد پر اجلاس ہو رہے تھے،ہمارے 2امیدواروں کو سینیٹ الیکشن لڑنے کے لیے نااہل قرار دیا گیا،ہمارا کسی سیاسی جماعت سے اختلاف نہیں ہے، تمام جمہوری جماعتوں سے بات چیت کرنے کی کوشش کریں گے،ہماری ٹیم بلوچستان اور اسلام آباد میں اپنے صوبے کے حقوق کے لیے جدوجہد کرے گی۔ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم ہارس ٹریڈنگ کرتے تو پھر دیگر جماعتوں کے سینیٹر منتخب نہیں ہو سکتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کی وجہ سے شاید سینیٹ کا الیکشن ممکن ہوا کیونکہ باتیں چل رہی تھیں کہ کے پی کے اور سندھ اسمبلیاں توڑ دی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ ہم جمہوری لوگ ہیں، ہم سب جماعتوں سے بات کرنے کے لیے تیار ہیں جو بلوچستان کے بہتر مفاد میں ہمارے ساتھ ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ جس طرح گوادر کے لوگوں کے لیے کام کرنا چاہیے تھا اس طرح نہیں کیا گیا۔ میر عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ ہم سی پیک کی کمزوریوں کی وجہ سے اس منصوبے کے مخالف نہیں، ہم وفاق سے کہیں گے کہ ان کمزوریوں کو دور کریں اور فنڈنگ تیز کریں تاکہ اس کے اثرات عام عوام تک پہنچنا شروع ہو جائیں۔