جماعت اسلامی کے یوتھ چارٹر کا اعلان

513

جماعت اسلامی کراچی نے ہفتے کے روز کراچی یوتھ کنونشن منعقد کیا اور اس موقع پر مرکزی امیر سینیٹر سراج الحق نے کراچی کے حالات تبدیل کرنے کے لیے نوجوانوں کو آگے بڑھنے اور ملک کو اسلامی و خوشحال پاکستان بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے پر تیار کیا۔ سراج الحق نے یوتھ چارٹر دیتے ہوئے کہاکہ کراچی کے ہر ضلعے میں یونیورسٹی ہونی چاہیے۔ مزید کالجز کھولے جائیں۔ تعلیم مفت کی جائے۔ تعلیم ہوگی تو نوجوان آگے بڑھے گا۔ جماعت اسلامی اور سینیٹر سراج الحق نے در اصل کراچی کے نوجوانوں کو پکارا ہے کہ آگے بڑھ کر اس شہر کی حالت سنواردیں جو لوگ طویل عرصے سے اس شہر کی نمائندگی کررہے ہیں ان کے ارکان صوبائی و قومی اسمبلی اور سینیٹرز کی فوج ہے وہ آج فروخت ہوگئے۔ انہوں نے ویسے بھی کراچی کے لیے کبھی کچھ نہیں کیا اب بھی نہیں کریں گے۔ اہل کراچی ایک مرتبہ پھر اپنے اصل نمائندے منتخب کریں اور بکاؤ مال کو مسترد کردیں۔ سراج الحق اور جماعت اسلامی کراچی نے یوتھ کنونشن کے ذریعے کراچی کی نوجوان قیادت کو آگے لانے کا فیصلہ کیا ہے۔اگر کراچی کے عوام نے اس کا ساتھ دیا تو یہ نوجوان کراچی کی تقدیر بدل دیں گے۔ کامیاب یوتھ کنونشن منعقد کرنے والے مبارکباد کے مستحق ہیں۔