سینیٹ میں ہارس ٹریڈنگ ڈھکی چھپی نہیں‘ عدالت نوٹس لے‘ میاں مقصود

188

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے سینیٹ انتخابات میں جماعت اسلامی صوبہ خیبر پختونخوا کے امیر مشتاق احمد خان کی کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سینیٹ میں جماعت اسلامی کی ایک توانا آواز ثابت ہوں گے اور عوام کے حقیقی مسائل کو بھرپور انداز میں اٹھائیں گے۔ اس کامیابی سے کارکنان کو ایک نیا جذبہ اور ولولہ ملے گا۔ الحمد للہ جماعت اسلامی ملک کی واحد دینی وسیاسی جماعت ہے جس میں موروثیت نہیں۔ ہمارا دامن ہر قسم کی کرپشن سے پاک اور کردار صاف ستھرا ہے۔ جماعت اسلامی ہی پاکستان میں حقیقی تبدیلی لاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں جس طرح دولت کی بندر بانٹ کی گئی ہے، اس کی مثال ماضی میں کہیں نہیں ملتی۔ الیکشن کمیشن صاف و شفاف سینیٹ انتخابات کروانے میں بری طرح ناکام ثابت ہوا ہے۔ ایسی صورتحال میں آئندہ 2018ء کے عام انتخابات کو کیسے شفاف اور غیر جانبدار بنایا جاسکے گا۔ سینیٹ میں ہارس ٹریڈنگ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، عدالت عظمیٰ ازخود نوٹس لے۔ سینیٹ انتخابات کے موقع پر جس انداز میں قواعد وضوابط کی دھجیاں اڑائی گئیں اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ الیکشن کمیشن انتخابی ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کو یقینی بنائے اور تمام سیاسی جماعتوں کو اس کا پابند کیا جائے۔ کوئی بھی غریب اور متوسط طبقے کا فرد اب الیکشن لڑنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ جاگیرداروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں نے اپنی دولت کے بل بوتے پر پورے انتخابی نظام کو مفلوج کرکے رکھ دیا ہے۔ مٹھی بھر اشرافیہ 70 برسوں سے اقتدار پر براجمان ہے۔ ایلیٹ کلاس ٹھنڈے کمروں میں بیٹھ کر غریب عوام کو کیسے ریلیف فراہم کرنے والی پالیسیاں مرتب کرسکتی ہے؟۔ عوام کو اپنے مسائل کے حل کے لیے حقیقی نمائندوں کو اسمبلیوں میں بھیجنا ہوگا۔