متحدہ مجلس عمل کے 11 مارچ کے اجلاس میں اہم فیصلے متوقع ہیں

180

راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی )امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ متحدہ مجلس عمل کے 11 مارچ کے اجلاس میں اہم فیصلے متوقع ہیں ۔ جس میں مرکزی عہدیداروں کے انتخاب اور کل پاکستان کنونشن کا اعلان کیا جائے گا۔اس کے ساتھ صوبائی اور ضلعی تنظیم سازی کا شیڈول بھی جاری کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلعی دفتر سید مودودی ؒ بلڈنگ میں زونل اُ مراء کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس اجلاس میں تنظیمی ٗدعوتی ٗ تربیتی اور سیاسی امور کا جائزہ لیاگیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید عارف شیرازی نے کہا کہ 10 مارچ کوسوشل میڈیا ورکشاپ راولپنڈی میں ہو گی ۔ جس میں سوشل میڈیا پر کام کرنے والے شمالی پنجاب کے 14 اضلاع سے کارکنان شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں جے آئی یوتھ کے انٹرا پارٹی الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے والے عہدیداروں کے حلف کی تقریب اور یوتھ کنونشن 16 مارچ کو آرٹس کونسل راولپنڈی میں منعقد ہوگا ۔ جس میں امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب میاں مقصود احمد اور مرکزی صدر جے آئی یوتھ پاکستان زبیر احمد گوندل مہمانان خصوصی ہوں گے۔ سید عاف شیرازی نے زونل اُمراء کو ہدایت کی ہے کہ وہ شمالی پنجاب کی سوشل میڈیا ورکشاپ اور جے آئی یوتھ کنونشن کی بھر پور تیاریاں کریں او ر اپنے اپنے زونز سے دونوں پروگراموں میں نوجوانوں کی شرکت کو یقینی بنائیں۔