کراچی ( رپورٹ : محمد انور ) لینڈ مافیا نے فیڈرل بی ایریا بلاک 5 میں بچوں کے اسپتال کے لیے مجوزہ ایک ایکڑ سے زائد رقبے کے پلاٹ پر غیرقانونی قبضہ کرنے کے لیے کارروائی شروع کردی۔ علاقے کے لوگوں کے مطابق ایف بی ایریا طاہر ولا چورنگی کے قریب طویل عرصے سے ایک اعشاریہ 8 ایکڑ کا رفاہی پلاٹ موجود تھا۔سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان کے دور میں اس پلاٹ پر بچوں کا اسپتال تعمیر کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی۔ تاہم نعمت اللہ خان کی نظامت کے دور کی مدت ختم ہونے کے باعث منصوبے پر کارروائی شروع نہیں کی جاسکی تھی۔ لوگوں کا کہنا تھا کہ اس پلاٹ کے ایک کونے پرا بتداء میں نامعلوم شخص نے اینٹوں کا تھلا قائم کرلیا تھا چند ماہ قبل پلاٹ سے تھلا ختم کرکے غیرقانونی تعمیرات شروع کردی گئیں جو اب چائنا کتنگ کی طرز پر مختلف رقبے کے پلاٹ کاٹ کر گراؤنڈ معہ دو منزلہ تعمیرات کی جارہی ہیں۔ علاقے کے لوگوں کا کہنا ہے کہ غیر قانونی تعمیرات کے باوجود نہ تو کے ڈی اے کی جانب سے کوئی ایکشن لیا جارہاہے اور نہ ہی سندھ بلڈنگز کنٹرول اتھارٹی کوئی کارروائی کررہی ہے۔ پلاٹ کے جائزے سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ کم وبیش ایک ارب روپے لاگت کا ہے۔ لوگوں نے وزیرا علیٰ سندھ مراد علی شاہ سے درخواست کی ہے کہ پلاٹ کا تحفظ کرنے کے ساتھ اس پر اسپتال کی تعمیر کے لیے حکومت خود اقدامات کرے۔