آرمی چیف کا بلوچستان میں سڑک کی تعمیر اور کیڈٹ کالج کا سنگ بنیاد رکھا

668

راولپنڈی (صباح نیوز/ آن لائن) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آواران کا دورہ کیا اور تربت بلیدہ روڈ کے تعمیراتی کام کا افتتاح اور جھاؤ میں کیڈٹ کالج آواران کا سنگ بنیاد رکھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو سماجی اور اقتصادی منصوبوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے مشترکہ کاوشوں پر سیکورٹی فورسز اور سول انتظامیہ کو سراہا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے علاقے کے عمائدین اور جوانوں سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ قومی عزم سے ہی استحکام اور ترقی کی منزل حاصل ہوسکے گی۔ علاوہ ازیں آرمی چیف نے مکران فیسٹیول کی اختتامی تقریب میں بھی شرکت کی جس میں عوام کی بڑی تعداد شریک تھی، آرمی چیف نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ بلوچستان کے کم ترقی یافتہ علاقوں میں سہولیات اور امن کی فراہمی ایک خواب تھا جو پورا ہوگیا۔ فیسٹیول میں اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت بلوچستان میں امن کی واپسی کا ثبوت ہے۔ بلوچستان پاکستان کا مستقبل اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے تربت میں مقامی عمائدین سے ایف سی ہیڈکوارٹر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو، کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ، آئی جی ایف سی میجر جنرل طارق امان بھی موجود تھے۔