حکومتی ایوانوں میں بیٹھے ظالم جاگیرداروں کو عوامی مسائل سے کوئی مطلب نہیں

191

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی) پاکستان ریلوے پریم یونین کے مرکزی ڈپٹی چیف آرگنائزرخالد محمود چودھری نے کہا ہے کہ حکومت اگر واقعی قومی اداروں کو چلانااور منافع بخش بناناچاہتی ہے تو اسے سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے ماہرین اور اداروں کے ملازمین کے ساتھ مل بیٹھ کر ان اداروں کی بہتری کا حل تلاش کرنا چاہیے ۔جب تک حکومت ان اداروں کے کارکنوں کو اعتماد میں نہیں لیتی، حکومتی فیصلوں کو عوام کی تائید حاصل نہیں ہو گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریلوے اسٹیشن پر ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرمقامی رہنما ملک بشیر، باؤ طاہر ، باسط شفیق ،محمد آصف جاوید،محمد نعیم اختر،محمد رمضان، عمران کاہلوں ،عدنان خٹک،محمد یونس بٹ، نادر شاہ، ظہیرالدین بابر اور نورالدین و دیگر زونل ذمے داران بھی موجود تھے۔ خالد محمود چودھری نے کہا کہ ملک میں اگر کوئی خوشحالی نظر آتی ہے تو اس کی وجہ مزدوروں کی دن رات کی محنت ہے ،حکومت آج تک وہ اپنے منشور پر عمل کرسکی اور نہ لیبر پالیسی بنا سکی ہے۔حکومتی ایوانوں میں بیٹھے ظالم جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کوملک کے غریب عوام کے مسائل کا نہ احساس ہے اور نہ ہی وہ ان مسائل کو حل کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے اب تک گزشتہ ادوار میں کی گئی نجکاری سے حاصل ہونے والی آمدن کے بارے میں بھی عوام کو اعتماد میں نہیں لیا،ٹیکس نیٹ بڑھانے کے بجائے ادارے فروخت کرکے غیر ملکی ایجنڈے کو پروان چڑھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مظلوم اور محروم عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے ، حکمرانوں کی کارکردگی سے عوام بری طرح مایوس ہیں جبکہ حکمران ابھی تک عوام کو دعووں اور وعدوں سے بہلانے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں۔