فن لینڈ پاکستان میں صحت، توانائی اور جنگلات سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے۔سفیر

636
  1.  فن لینڈ نجی شعبوں کو قریب لانے پر زیادہ توجہ دیں۔ شیخ عامر وحید

اسلام آباد:جنوبی ایشیاء کیلئے نامزد فن لینڈ کے سفیر ہاری کامارینن نے پاکستان میں فن لینڈ کے اعزازی کونسل اسد انصاری کے ہمراہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک صحت، توانائی اور جنگلات سمیت دیگر شعبوں میں جدید ٹیکنالوجی و اعلیٰ مہارت رکھتا ہے اور وہ ان شعبوں میں پاکستان کے ساتھ باہمی تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فن لینڈکی نوکیا کمپنی نے ہیلتھ ٹیکنالوجی میں نیا انقلاب لایا ہے جبکہ فن لینڈ کا صحت کا شعبہ برآمدات کو فروغ دینے میں سب سے آگے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان فن لینڈ کے تجربے سے فائدہ اٹھا کر اپنے صحت کے شعبے کو بہتر فروغ دے سکتا ہے۔
فن لینڈ کے سفیر نے کہا کہ ان کا ملک جنگلات کے وسائل کو کاروبار اور صنعت کیلئے استعمال کرنے کا پانچ سو سال سے زائد تجربہ رکھتا ہے اور پاکستان فن لینڈ کے ساتھ قریبی تعاون فروغ دے کر جنگلات کی صنعت اور صحت مند ماحول کو بہتر فروغ دے سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فن لینڈ نے انرجی ایفیشنسی کے شعبے میں بھی نمایاں ترقی کی ہے اور پاکستان فن لینڈ کے ساتھ اس شعبے میں تعاون بڑھا کر صنعتی و دیگر شعبوں میں توانائی کی کافی بچت کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں بھی دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے عمدہ مواقع موجود ہیں جبکہ پاکستان کے کئی طلبا فن لینڈ میں آئی ٹی کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فن لینڈ کی عالمی شہرت یافتہ کمپنی اوٹو ٹیک پاکستان کو ماربل و گرینائٹ سمیت معدنیات کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی فراہم کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فن لینڈ کی کمپنی وارٹسیلا پہلے ہی پاکستان میں موجود ہے جبکہ فن لینڈ کی مزید کمپنیاں پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے آ سکتی ہیں۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ آئندہ بھی پاکستان کے دورے پر آتے رہیں گے تاکہ تاجر برادری کے ساتھ روابط مزید بہتر کئے جائیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ پاکستان اور فن لینڈ کی معیشتوں کے سائز کو مد نظر رکھتے ہوئے دونوں کی باہمی تجارت ان کی اصل صلاحیت سے بہت کم ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دو طرفہ تجارت کو بہتر کرنے کیلئے دونوں ممالک نجی شعبوں کو قریب لانے پر زیادہ توجہ دیں اور تجارتی وفود کا تبادلہ بڑھائیں۔ انہوں نے کہا کہ انجینئرنگ، زراعت، توانائی، معدنیات، ٹیلی کمیونیکیشن، بائیو ٹیکنالوجی اور صحت و تعلیم سمیت متعدد شعبوں میں پاکستان اور فن لینڈ کے درمیان باہمی تعاون کے عمدہ مواقع موجود ہیں جن سے استفادہ حاصل کرنے کیلئے دونوں کے نجی شعبوں کے درمیان براہ راست روابط کا فروغ ضروری ہے۔
اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید اور نائب صدر نثار مرزا نے کہا کہ سی پیک نے پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے متعدد نئے مواقع پیدا کر دیئے ہیں لہذا یہی مناسب وقت ہے کہ فن لینڈ کے سرمایہ کار پاکستان کا دورہ کر کے سی پیک میں جوائنٹ وینچرز اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کریں۔ فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے چیف کوآرڈینٹر ملک سہیل حسین ، محمد شکیل منیر، محمود الٰہی اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور ماربل و گرینائٹ، صحت اور دیگر شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔