تاجروں کے لیے پارکنگ بحال, لینڈ گریبر سے پلاٹ کا قبضہ چھڑالیا 

294

08.

کراچی;نرسری فرنیچر مارکیٹ میں ایس پی جمشید ٹاؤن ڈاکٹر رضوان احمد خان کی کوششوں سے لینڈ گریبر سے پلاٹ کا قبضہ چھڑالیا گیا، تاجروں کیلئے مختص پارکنگ بحال ہوگئی، پولیس صرف عدالتی فیصلے کی روشنی میں کارروائی کریگی، پلاٹ پر کسی کو زبردستی نہیں کرنے دی جائیگی، 20مارچ کو عدالتی فیصلہ آنے تک پولیس پلاٹ کی نگرانی کریگی،

علاقہ پولیس اور تاجروں کے مابین روابط میں بہتری لائی جائیگی، ان یقین دہانیوں کا اظہار ایس پی جمشید ٹاؤن ڈاکٹر رضوان احمد خان نے آج آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر کی قیادت میں ملاقات کرنے والے تاجر نمائیندگان کے ایک وفد سے کیا جس میں نرسری فرنیچر مارکیٹ ایسوسی ایشن کے صدر جاوید الٰہی، محمد آصف، سلیم احمد، عامر ٹیسٹی اور دیگر شامل تھے اس موقع پر تاجروں نے جمعہ 9مارچ 2018کو احتجاج کی کال واپس لینے کا اعلان کردیا،

عتیق میر نے اس معاملے کو خوش اسلوبی سے نمٹانے پر ایس پی جمشید ٹاؤن ڈاکٹر رضوان احمد خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تاجر کوئی بھی خلافِ قانون مطالبہ نہیں کرینگے نہ ہی اپنے خلاف کسی قانون شکنی کو برداشت کرینگے، انھوں نے کہا کہ تاجروں کا ہر احتجاج اپنے جائز مطالبات کے حق میں ہوگا، انتظامیہ جب بھی اپنی ذمے داریوں سے انحراف کریگی تاجروں کو سڑکوں پر پائے گی، انھوں نے ایس پی جمشید ٹاؤن کو یقین دلایا کہ تاجروں سے بہتر روابط، ان کی جائز شکایات کا ازالہ اور زیادتی نہ ہونے کی صورتمیں کسی بھی قسم کے احتجاج سے گریز کیا جائیگا۔