اسلام ہی عورت کے حقوق کا سب سے بڑا محافظ ہے، سردار ظفر

224

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سردار ظفر حسین خان ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ایک طرف تو پوری دنیا آج عالمی یوم خواتین منا رہی ہے اور دوسری طرف فلسطین، کشمیر، افغانستان، عراق، شام اور برما سمیت دنیا کے کئی ممالک میں خواتین پر مظالم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں۔ خود وطن عزیز پاکستان میں ظالم قبائلی رسومات کا پاس رکھنے کے لیے کتنی ہی بے گناہ خواتین موت سے بدتر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ عورتوں کے حقوق کے لیے ایک طرف تو این جی اوز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے تو دوسری طرف عورتوں پر تشدد کے واقعات بھی بڑھتے جارہے ہیں۔ عورت دراصل اسلامی تہذیب کا سب سے مستحکم قلعہ ہے جسے خوشنما نعروں کا فریب دے کر اور اس کے اصل اور فطری مقام سے بیگانہ کر کے نہ صرف خاندان بلکہ قوموں کو فنا کرنے کی منصوبہ بندی عالمی سیکولر قوتوں کا ایجنڈا ہے۔ حقوق نسواں کے نام نہاد علمبردار ہی سب سے بڑھ کر عورت کے تقدس اور وقار کو پامال کررہے ہیں، آزادی نسواں کے نام پر معاشرتی انتشار کو فروغ دیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اسلام ہی عورت کے حقوق کا سب سے بڑا محافظ ہے۔ یہ اسلام ہی ہے جس نے عورت کو وہ حقوق عطا کیے جس کی مثال دنیا کے کسی دوسرے مذہب میں نہیں ملتی۔ اسلام میں عورت کو خاندان کا مرکز قرار دیا گیا ہے جبکہ تحریک حقوق نسواں کے ذریعے خاندان کے وجود کو ٹکڑے ٹکڑے کیا جارہا ہے۔ بطور قوم ہمیں اس کلچر کو بدلنا ہوگا اور اسلام کی روشنی میں حقوق کے معیارات طے کرنے ہوں گے۔