ڈیرہ مراد جمالی،پاسپورٹ،نادرا اور گیس کے عملے کیخلاف شہریوں کا احتجاج

225

ڈیرہ مرادجمالی(آئی این پی ) تین جماعتی اتحاد نصیرآبا دکی جانب سے پاسپورٹ نادرااورسوئی گیس کے دفاترکے سامنے احتجاجی مظاہرہ اورھرنا،دفاترمیں کرپشن و لوٹ مار ختم کرکے عوام کو ریلیف فراہم کیاجائے ،کرپشن اوررشوت رستانی کے سبب ان اداروں سے عوام کا اعتماد اٹھ چکا ہے ،اگراداروں کے آفیسر اور عملے نے اپنا قبلہ درست نہ کیا توان کے دفتروں کو تالے لگانے پر مجبورکیا جائے گا جبکہ احتجاجی دھرنے کے سبب پاسپورٹ آفس کاعملہ مرکزی دروازے کو باہرسے تالہ لگاکر رفو چکر ہوگیا،مشتعل مظاہرین کا شدیداحتجاج ،نعرے بازی وفاقی وزیرداخلہ وزیراعلیٰ بلوچستان اورکمشنر نصیرآباد ڈویژن سے نوٹس لینے کا مطالبہ ،ذمے داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لاکر عوام کو انصاف فراہم کیا جائے۔ مقررین کا خطاب ۔تفصیلات کے مطابق تین جماعتی اتحادجمعیت علما پاکستان ،مستری مزدوریونین اور عوامی اتحاد نصیرآباد کے زیراہتمام علامہ عبدالحکیم انقلابی کی قیادت میں بڑی تعدادمیں شہریوں نے ویگن اسٹینڈ سے ایک احتجاجی ریلی نکالی ، شرکا نے ہاتھوں میں بینرز اورپلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پرپاسپورٹ ، نادرا اورسوئی گیس کے افسران کے خلا ف نعرے درج تھے۔ ریلی مین بازارسے مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی متعلقہ دفاتر کے سامنے پہنچ کر احتجاجی مظاہر ہ اوردھرنا میں تبدیل ہوگئی جہاں مقررین جے یوپی کے مرکزی رہنما علامہ عبدالحکیم انقلابی،جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیربشیراحمدماندائی، مستری مزدوریونین کے ضلعی صدر لیاقت علی چکھڑا،عوامی اتحاد کے ضلعی صدرجان محمد کھوسہ، غلام مصطفیٰ کوراراورخان جان بنگلزئی سمیت دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاسپورٹ اور نادرا آفس میں کرپشن انتہاکو پہنچ چکی ہے ،عوام کو بے جا تنگ کرکے بھاری رشوت بٹوررہے ہیں، پاسپورٹ اور شناختی کارڈ و دیگر دستاویزات بنانے پرمختلف غیرضروری اعتراضات لگاکر بلا وجہ عوام کو پریشان اورتنگ کیا جارہا ہے ان کے ظلم اورزیادتیوں کے سبب عوام پریشان ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ظلم کی انتہاہے کہ روزہ رسول ؐپر حاضری دینے والوں کوبھی پاسپورٹ کی تیاری کی مدمیں لوٹاجارہا ہے جوکہ ناقابل برداشت اقدام ہے ،یہ ادارے عوام کی خدمت اوران کے مسائل کے حل کیلیے بنے ہیں مگر ان کے کرپٹ اورعوام دشمن افسران اپنے فرائض ایمانداری سے سرانجام دینے کے بجائے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں ۔عوام مشکلات سے تنگ آکر احتجاج کرنے پر مجبورہوگئے ہیں۔ انہوں نے الٹی میٹم دیتے ہوئے پاسپورٹ نادرااورگیس کے افسران اورعملے کو اپنا رویہ عوام کے ساتھ درست کرلیں بصورت دیگرسخت سے سخت احتجا ج کریں گے جس کی تمام ترذمے داری متعلقہ اداروں کے حکام بالاپرعائدہوگی۔