الیکشن کمیشن کنگ پارٹی کے سہولت کارکاکرداراداکررہا ہے،راجا محمد جواد

168

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی کے ضلعی قائم مقام امیرراجا محمد جواد نے کہا ہے کہ نئی حلقہ بندیوں سے محسوس ہوتا ہے کہ الیکشن کمیشن کنگ پارٹی کے سہولت کارکاکرداراداکررہا ہے ، یوں محسوس ہوتا ہے ن لیگ کی بیوروکریسی نے انہیں نوازنے کیلیے حلقوں کی حدود متعین کی جسے الیکشن کمیشن نے پروپوزل کے طورپرپیش کردیا،واضح اورشفاف اندازکے بجائے اس عمل کو انتہائی پیچیدہ بنادیا گیا ہے ،اس پری پول دھاندلی کوعوام قبول نہیں کریں گے ۔وہ حلقہ بندیوں کی تبدیلی کے بعد پیداہونے والی صورتحال پرضلعی وزونل ذمے دارا ن اورنامزد امیدواران کے اہم اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔اس موقع پر امیرضلع شمس الرحمن سواتی علالت کے باوجوداجلاس میں شریک ہوئے۔ضلعی جنرل سیکرٹری ظفرالحسن جوئیہ ایڈووکیٹ،نائب امرا ضلع محمد وقاص خان ،چودھری عطا ربانی،نامزد امیدواران محمدتاج عباسی ، چودھری عابدمحمودایڈووکیٹ، خالد محمود مرزااورعتیق کاشمیری ودیگربھی شریک تھے ۔راجا محمد جواد نے کہاکہ سینیٹ الیکشن میں بدترین ہارس ٹریڈنگ سے جہاں پوری دنیا میں پاکستان کی بدنامی ہوئی وہیں نام نہاد بڑی پارٹیوں پریہ سوال بھی اٹھا ہے کہ جن کے ممبران اقتدارکی ہوس کیلیے خریدوفروخت کرسکتے ہیں ،ان پرملکی سلامتی کے حوالے سے کیسے اعتماد کیا جاسکتا ہے ۔ قائم مقام امیرضلع نے امیدواران کوہدایت کی کہ وہ اپنے حلقوں کی حدودکومکمل اسٹڈی کرنے کے بعد عوامی سہولت کومدنظررکھتے ہوئے ان میں ترامیم تجویزکریں۔