ا سٹینڈرڈز کی سرٹیفیکیشن حاصل کرنے پر ایس ایم ایز کو 4 لاکھ روپےمالی گرانٹ فراہم کی جائے گی، شاہین راجہ

376

ایس ایم ای شعبے کی ترقی پر خصوصی توجہ دے کر معیشت کو بہتر فروغ دیا جا سکتا ہے، شیخ عامر وحید

اسلام آباد ؛ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے پراجیکٹ منیجر برائے سرٹیفیکیشن انسینٹیوپروگرام شاہین راجہ نے کہا ہے کہ ایس ایم ایز کوا سٹینڈرڈز کی سرٹیفیکیشن حاصل کرنے پر ان کا ادارہ ایک سے چار لاکھ روپے تک کی مالی گرانٹ فراہم کرے گا ۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے سرٹیفیکیشن انسینٹیو پروگرام کے بارے میں منعقدہ آگاہی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد ایس ایم ایز کوا سٹینڈرڈز کی سرٹیفیکیشن حاصل کرنے کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایم ایز قانونی طور پرا سٹینڈرڈز کی سرٹیفیکیشن حاصل کرنے کی پابند نہیں ہیں لیکن آج کے دور میں عالمی مارکیٹ میں اپنی برآمدات کوفروغ دینے کے لیے ان کے لیے سرٹیفیکیشن کا حاصل کرنا ضروری ہے کیونکہ عالمی خریدار سرٹیفائیڈ کاروباری اداروں کی مصنوعات کو ترجیح دیتے ہیں۔ پروگرام کی تفصیلات بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام تین سال کے لیے ہے جس میں سے ایک سال گزر گیا ہے

اس کے دو سال ابھی باقی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام پر 74کروڑ 58لاکھ سے زائد لاگت آئے گی۔انہوں نے کہا کہ صرف ان ایس ایم ایز کو مالی گرانٹ فراہم کی جائے گی جنہوں نے پاکستان نیشنل ایکریڈیٹیشن کونسل کے منظورشدہ اداروں سے ا سٹینڈرڈز کی سرٹیفیکیشن حاصل کی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت دوہزار سے زائد ایس ایم ایز کواستفادہ حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔ شاہین راجہ نے کہا کہ سرٹیفیکیشن انسینٹیو پرگرام کی کل لاگت کا 75فیصدا سٹینڈرڈز کی سرٹیفیکیشن حاصل کرنے پر گرانٹ کی صورت میں دیا جائے گا

باقی رقم ایس ایم ایز کی استعداد کار کو بہتر کرنے اور ان کو مختلف قسم کی ٹریننگ فراہم کرنے پر خرچ کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چاول، لائیو اسٹاک و ڈیری، ہلال فوڈ، ٹیکسٹائل و لیدر، الیکٹریکل و الیکٹرانکس، ہیلتھ، بیوٹی و کاسمیٹکس، جیمز و جیولری، قیمتی پتھر، دھاتیں و معدنیات، ماربل و گرینائیٹ، قالین، آلات جراحی، کھیلوں کا سامان، ریڈی میڈ گارمنٹس، کمیکلز و فارماسوٹیکلز، آٹو اینڈ آٹو پارٹس، انجینئرنگ گڈز، کنزیومر پراڈیکٹس اور سرٹیفیکیشن سے متعلقہ سروسز شعبوں کے چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری ادارے اس پروگرام سے استفادہ حاصل کر سکیں گے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ ایس ایم ای شعبہ پاکستانی معیشت کی ترقی میں ریڈھ کی ہڈی کا درجہ رکھتا ہے

ہمارے ملک میں زیادہ تر کاروباری ادارے اسی شعبے سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایس ایم ای شعبے کی ترقی پر خصوصی توجہ دے کر معیشت کو بہتر فروغ دے سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کی وجہ سے ملک میں ایس ایم ای شعبے کو مضبوط کرنے کی اشد ضرورت ہے تا کہ یہ شعبہ ملک کی اقتصادی ترقی میں مزید فعال کردار ادا کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایم ای شعبے کے پاس مالی و دیگر وسائل نہ ہونے کی وجہ سے ان کاروباری اداروں کوا سٹینڈرڈز کی سرٹیفیکیشن حاصل کرنے میں مشکلات درپیش آتی ہیں لہذا ان حالات میں وزارت
سائنس و ٹیکناوجی کی طرف سے اس شعبے کے لیے سرٹیفیکیشن انسینٹیو پروگرام کا اجراء ایک قابل ستائش اقدام ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اس پروگرام کے تحت استعداد کار کو بہتر کرنے،نئی ٹیکنالوجی و مشینری کو رائج کرنے اور جدید بزنس پریکٹسز کو اپنانے میں ایس ایم ایز کی مدد کی جائے گی تا کہ یہ شعبہ بہتر ترقی حاصل کر سکے اور ویلیو ایڈیڈ مصنوعات تیار کر کے ملک کی برآمدات کو بہتر فروغ دے سکے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد نوید اور نائب صدر نثار مرزا نے تاجر برادری کے لیے آگاہی سیمینار منعقد کرنے پر وزارت سائنس وٹیکنالوجی کے نمائندگان کا شکریہ ادا کیا اور یقین دہانی کرائی کہ چیمبر مذکورہ پروگرام کو ایس ایم ای شعبے میں کامیاب بنانے کے لیے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے ساتھ ہرممکن تعاون کرے گا۔