حکومت نا بینا افراد کے ساتھ کیے گئے وعدوں کو پورا کرے

203

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 67 کے امیر نعمان احسن ملک اور یوسف گل پراچہ نے نابینا افراد پر پولیس کے تشدد اور گرفتارکرنے والے پولیس اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگ کی حکومت نا بینا افراد کے ساتھ کیے گئے وعدوں کو پورا کرے، نا بینا افراد کو مناسب روزگار مہیا کیا جائے۔ خادم اعلیٰ نے عوام سے کیا ہوا ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا، کم از کم نا بینا افراد کو ہی ملازمتیں دے کر ان سے دعائیں لیں۔ رہنماؤں نے کہا کہ قوم سوال کرتی ہے کہ وزرا جو قوم کے ٹیکسوں سے مراعات لیتے ہیں، کیا ان کا کام لوٹ مار پر نااہل ہونے والی اپنی قیادت کا دفاع کرنا ہے۔ پاناما فیصلے کے بعد سے وزرا نے اپنے محکموں میں فرائض سر انجام دینے کے بجائے اپنی قیادت کے دفاع میں ’’اوور ٹائم‘‘ لگایا ہے۔ نواز شریف کیخلاف پاناما کیس اپوزیشن کی سازش نہیں بلکہ ان کی لوٹ مار عالمی طور پر سامنے آئی ہے۔