بد عنوا ن سیاست دانوں نے ملک کو اندھیروں میں دکھیل دیا ، میاں مقصود

189

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ ملک میں کرپشن کا ناسور کینسر سے زیادہ خطرناک بن گیا ہے۔ ہر سال اربوں کھربوں روپے کی کرپشن نے پورے نظام کو تلپٹ کردیا ہے۔ گزشتہ حکومتوں کی طرح موجودہ حکومت کے دور اقتدار میں بھی کرپشن کا راج ہے۔ اوپر سے لے کر نیچے تک کرپٹ مافیا ملک وقوم کو لوٹنے میں مصروف ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب تک اقتدار میں آنے والی ہر پارٹی کے ارکان نے کرپشن کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے ہیں۔ کرپٹ اور لٹیرے سیاستدانوں اور حکمرانوں نے قومی وسائل پر قابض ہو کر قوم کو غربت، مہنگائی اور لوڈ شیڈنگ کے اندھیروں میں دھکیل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی جانب سے پاناما لیکس کے معاملے پر شورو غوغا، چور مچائے شور والی بات ہے۔ کرپشن اور بدعنوانی میں ملوث تمام چھوٹے بڑے مجرموں کو قوم کے سامنے لایا جائے۔ ملک میں روزانہ 10 سے 12 ارب روپے کی کرپشن ہورہی ہے۔ گزشتہ تین عشروں سے کرپشن کی آکاس بیل پاکستان کی سیاست، سول وملٹری اور بیورو کریسی کو اپنے حصار میں لیے ہوئے ہے۔ جب تک کرپشن کرنے والے بڑے عناصر کو نہیں پکڑا جائے گا، نچلی سطح پر کرپشن کا قلع قمع ممکن نہیں۔ میاں مقصود احمد نے مزید کہا کہ کرپشن کا مرض چھوت کی طرح پھیل گیا ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ملک میں احتساب کا نظام رائج کرتے ہوئے بلاتفریق کام شروع کیا جائے۔