کراچی: پاکستان میں تجارتی میلوں کے انعقاد کا معروف ادارہ ای کامرس گیٹ وے کراچی میں 13 مارچ سے 15 مارچ تک پاکستان کی سب سے بڑی مشینری ایکسپو کا انعقاد کر رہا ہے۔ یہ ایونٹ کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوگا۔ اس تین روزہ ایونٹ میں آٹو اینڈ ٹرانسپورٹ ایشیا، انجینئرنگ ایشیا، آئل اینڈ گیس ایشیاء اور پاور و متبادل توانائی ایشیاء شامل ہیں۔ بڑے پیمانے پر مشینری ایکسپو میں 350 سے زائد چینی مندوبین شرکت کریں گے جن میں چین کے صوبائی وزراء کا اعلیٰ سطحی وفد بھی شامل ہے۔
مزید برآں ایکسپو میں ایک ہزار سے زائد مقامی اور غیر ملکی نمائش کنندگان شامل ہوں گے اور توقع ہے کہ 85 ہزار سے زائد افراد اس میں شرکت کریں گے۔ اس ایونٹ میں تمام بڑے شراکت دار اپنی مصنوعات اور خدمات کی نمائش کا موقع حاصل کر سکیں گے۔ یہ ایونٹ بین الاقوامی سرمایہ کاروں، مینوفیکچررز، ٹریڈرز اور غیر ملکی کاروباری اداروں کو پاکستانی صارفین کے مختلف طبقوں کے ساتھ بات چیت کے لئے ایک پلیٹ فارم مہیاء کرے گا۔