حکمرانوں سے کالاباغ ڈیم کو سیاسی ایشو بنا کر پس پشت ڈال دیا، میاں مقصود

92

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی نے تما م حدود کو پامال کر دیا ہے۔ بھارت کی جانب سے مسلسل لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ تشویش ناک ہے۔ جب تک بھارت کو اس کی زبان میں جواب نہیں دیا جائے گا تب تک وہ باز آنے والا نہیں۔ حکومت پاکستان بھارت کی جارحیت کوعالمی دنیا کے سامنے بے نقاب کرے۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے گزشتہ روز مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرتے ہوئے بگلیہار ڈیم کے مقام پر دریائے چناب کا پانی روکنا آبی جارحیت ہے۔ بھارت اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرتے ہوئے پاکستان کی زرخیز زمینوں کو بنجر کرنا چاہتا ہے۔ اس کے لیے وہ بڑے پیمانے پر پاکستان کی طرف آنے والے دریاؤں پر ڈیموں کی تعمیر کررہا ہے۔ جبکہ لمحہ فکر ہے کہ ہمارے ہاں کالاباغ ڈیم کو سوچی سمجھی سازش کے تحت سیاسی ایشو بنا کر رکھ دیا گیا ہے۔ اسی تناظر میں بھارت اپنے قومی بجٹ میں رقم مختص کرتا ہے جو کہ اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ پاکستان کی ترقی کی صلاحیت سے خائف ہے۔ اگر فوری طور پر بھارت کو نہ روکا گیا تو ملکی زراعت کو ناقابل تلافی نقصان ہوگا۔ پاکستان کی لاکھوں ایکڑزمین بنجر ہوجائے گی۔ انہوں نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ پاکستان کی سیاسی وعسکری قیادت قومی مفاد کومدنظر رکھتے ہوئے ایسی خارجہ پالیسیاں بنائے جو ملک وقوم کے تحفظ کو یقینی بناتی ہوں۔ بھارت کشمیر میں ظلم کی انتہا کرچکا ہے۔ وہاں لوگوں کو بلا جواز اغوا کرکے شہید کردیا جاتا ہے مگر مجال ہے کہ انسانیت کے علمبردار ممالک، اقوام متحدہ اور نام نہاد این جی اوز کے کانوں پر جوں تک رینگتی ہو۔ مسئلہ کشمیر تقسیم برصغیر کا ادھورا ایجنڈا ہے۔ جموں وکشمیر کی آزادی تک پاکستان کا وجود نامکمل ہے۔ میاں مقصود احمد نے مزید کہا کہ بھارت اپنے خفیہ نیٹ ورک کے ذریعے دہشت گردی کو ہوا دے کر پاکستان میں انتشار اور فسادات کو پھیلانا چاہتا ہے۔