جماعت اسلامی نوابشاہ سے الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی،کنور راشد مکرم

180

نوابشاہ(وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی ضلع نوابشاہ کنور راشد مکرم نے ضلعی شوریٰ سے خطاب کے دوران کہا ہے کہ جماعت اسلامی نوابشاہ سے الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی، نواز شریف کو جوتا مارنے کی مذمت کرتے ہوئے واقعہ کو قابل افسوس قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بد اخلاقی کسی بھی صورت قبول نہیں کیونکہ دین اسلام اس چیز کی اجازت نہیں دیتا۔ انہوں نے صوبے میں خسرہ کی وبا سے ہلاک ہونے والے بچوں کی ہلاکت کا ذمے دار صوبائی حکومت کو ٹھہراتے ہوئے حکمرانوں کی نااہلی قرار دیا ہے، ضلع بھر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈننگ نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے گرمیوں کے آغاز میں ہی یہ صورتحال ہے تو آگے چل کر عوام کو مزید پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ جماعت اسلامی ضلع نوابشاہ کی سالانہ منصوبہ بندی کے اجلاس میں انہوں نے مختلف ذمے داریوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کی دعوت قرآن و سنت کی بالادستی کی دعوت ہے ۔جماعت کے لٹریچر کو ہر فرد تک پہنچانے کی ذمے داری ہم پر عائد ہوتی ہے لہٰذا ہم اپنے اہداف کوطے کرتے ہوئے اس طرح سے پلاننگ کریں کہ عوام کی شرکت کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس وقت پورے صوبے کے عوام متبادل قوت کی تلاش میں ہیں جماعت اسلامی عوامی اور درد دل رکھنے والی شخصیت کو 2018ء کے انتخاب میں عوام کے سامنے پیش کرکے متبادل قوت بن سکتی ہے، نوجوانوں کو اکٹھا کرکے ضلع بھر میں نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کے ساتھ بہتر مستقبل فراہم کریں گے ۔ آج کا نوجوان مایوسی کا شکار ہے ،میرٹ کا قتل عام اور غریب پڑھے لکھے نوجوانوں کی بالادست حکمران طبقے تک پہنچ نہ ہونے کی وجہ سے سندھ کا طبقہ احساس محرومی کا شکار ہے، ہم اس کو احساس محرومی سے نکال کر خوشحال پاکستان کی جانب لے کر جائیں گے اور ہماری منصوبہ بندی کی تھیم بھی اسلامی پاکستان خوشحال پاکستان ہے۔اجلاس کے اختتام پر انہوں نے مختلف ذمے داریوں کا اعلان بھی کیا۔