پارلیمنٹ ہی کا منہ کیوں کالا

365

یہ عجیب رویہ ہے کہ اگر ہمارے سیاست دانوں یا حکمرانوں کی مرضی کا فیصلہ نہ آئے تو پارلیمنٹ پر لعنت، پارلیمنٹ کا منہ کالا وغیرہ کے الفاظ ادا کردیے جاتے ہیں۔ اس سے قبل عمران خان پارلیمنٹ پر لعنت بھیج چکے ہیں اب سینیٹر اور وزیر حاصل بزنجو نے صرف اس لیے پارلیمنٹ کا منہ کالا کے الفاظ استعمال کر ڈالے کہ وہ چیئرمین سینیٹ نہ بن سکے۔ ان کے خیال میں صادق سنجرانی کسی غلط طریقے سے سینیٹ کے چیئرمین بنے ہیں۔ یہ درست ہے کہ ایسے سیاسی جوڑ توڑ کے فیصلے کرنے والوں نے اپنے موقف کے برخلاف فیصلے کیے ہیں۔ ایک دوسرے سے کبھی اتحاد نہ کرنے والوں نے اتحاد کیا ایک دوسرے کو جمہوریت دشمن، ناسور، غدار اور نہ جانے کیا کچھ کہا اور بلوچستان کے نام پر سودے بازی کرلی۔ حاصل بزنجو صاحب سینیٹ کے چیئرمین نہ بن سکے اس پر افسوس ہی کیا جاسکتا ہے لیکن جس طرح کے الفاظ انہوں نے پارلیمنٹ کے بارے میں ادا کیے ہیں اس پر شکر ادا کرنا چاہیے کہ وہ چیئرمین نہ بن سکے۔