نظام مصطفیﷺ کے نفاذہی سے دنیا و آخرت میں کامیابی ہے

172

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 68 میاں زبیر لطیف، جنرل سیکرٹری چودھری نوید اسلم، میاں عبدالستار بیگا، رانا نعیم اکرم نے کہا ہے کہ نظام مصطفیﷺ کے نفاذ کے لیے جدوجہد کرنا دنیا و آخرت میں کامیابی کی ضمانت ہے اور جماعت اسلامی کی دعوت بھی اسی نہج پر استوار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپﷺ کی سیرت طیبہ صر ف مسلمانوں کے لیے نہیں بلکہ دنیا کے تمام انسانوں کے لیے مشعل راہ ہے۔ ہم سرکار دوعالمؐ کی امت میں سے ہیں، اس اعزاز پر ہم اللہ تعالیٰ کا جتنا بھی شکر بجا لائیں وہ کم ہے۔ موجودہ پر فتن دور میں جہاں فحاشی و عریانی پر مبنی ظالمانہ تہذیب نے معاشرے میں پنجے گاڑ رکھے ہیں، اس سے اپنی نوجوان نسل کو بچانے کے لیے پوری قوم کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا ہوگا۔ ملک کے 80 فیصد عوام مہنگائی و غربت کی چکی میں پس رہے ہیں اور شہر میں اسٹریٹ کرائمز، ڈاکا زنی، چور بازاری، کمر توڑ مہنگائی، کرپشن اورعدل و انصاف کی عدم فراہمی جیسے جرائم نے معاشرے کا توازن بگاڑ دیا ہے۔ اس ظالمانہ نظام کی اصلاح اور کرپٹ مافیا سے چھٹکارے کے لیے ہر پاکستانی کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔