سینیٹ انتخابات میں تاریخ کی بدترین ہارس ٹریڈنگ ہوئی,، مشتاق خان

199

پشاور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ ہم سیاست کو گندگی اور ایمان و ضمیر کے سوداگروں سے صاف کریں گے۔ جماعت اسلامی کی سیاست کا مقصد ملک میں اسلامی نظام کا قیام ہے۔ جماعت اسلامی میں بڑے پیمانے پر عوام کی شمولیت سے ثابت ہوتا ہے جماعت اسلامی مقبول سیاسی جماعت اور مستقبل جماعت اسلامی کا ہے۔2018ء کے انتخابات میں خیبر پختونخوا میں حکومت بنائیں گے۔سینیٹ انتخابات کے دن صوبائی اسمبلی سٹاک ایکسچینج میں تبدیل ہوگئی تھی ، ہر ممبر اسمبلی نے اپنے اوپر برائے فروخت کا بورڈ لگا رکھا تھا۔چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے لیے بھی سینیٹرز کی بولی لگائی گئی۔ سینیٹ انتخابات میں تاریخ کی بدترین ہارس ٹریڈنگ ہوئی، شرم کا مقام ہے بکنے اور خریدنے والے دونوں ممبران اسمبلی تھے۔سیاسی جماعتوں سے کہتا ہوں کہ جن ممبران کی بولی لگی ہے وہ پاکستان کے لیے امریکا اور بھارت سے زیادہ بڑا خطرہ اور قومی مجرم ہیں، سینیٹ انتخابات میں پیسے کے عمل دخل کو روکنے کے لیے خفیہ رائے دہی کے بجائے علانیہ اور شو آف ہینڈ کے ذریعے انتخاب کا طریقہ اپنایا جائے اور سینیٹ کو مالیاتی اختیارات دیے جائیں۔ تحریک انصاف نے اپنے بیس ممبران اسمبلی کے گھروں کے سامنے دھرنے دیے تو جماعت اسلامی ان کے ساتھ ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بنوں کے حلقہ پی کے 88 خوجڑی میں شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شمولیتی جلسے سے جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان، جماعت اسلامی یوتھ کے صوبائی صدر عبدالغفار، جماعت اسلامی ضلع بنوں کے امیر ڈاکٹر ناصر خان، جنرل سیکرٹری تمیزالدین، پی کے 88کے امیدوار حاجی اختر علی شاہ و دیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پر متعدد افراد نے اپنے خاندانوں اور سیکڑوں ساتھیوں سمیت جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ بیس اور چالیس کروڑ میں بکنے والے ممبران قوم کی رہنمائی نہیں کرسکتے نہ ہی ان سے کسی خیر کی توقع ہے۔ سوائے جماعت اسلامی کے سات ممبران کے باقی تمام جماعتوں کے ایم پی ایز نے اپنے ضمیروں کا سودا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں امیر کے لیے الگ اور غریب کے لیے الگ نظام ہے، پاکستان پر ستر سال سے مافیا مسلط ہے، جس نے پاکستان کی دولت باہر منتقل کی اور اپنے آف شور اکاؤنٹس اور آف شور کمپنیاں بنائیں۔ نیب کے مطابق ملک میں روزانہ بارہ ارب روپے کی کرپشن ہورہی ہے، کرپشن کی وجہ سے ملکی قرضے چوراسی ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔ ان قرضوں اور کرپٹ حکمرانوں سے نجات کے لیے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں، جماعت اسلامی قوم کو ان کرپٹ اشرافیہ سے نجات دلائے گی۔ جماعت اسلامی اقبال اور قائد کے مشن کی علمبردار ہے، عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ ثابت ہوچکا ہے کہ دیانت اور امانت جماعت اسلامی کے پاس ہے اور جماعت اسلامی ہی ملک مسائل سے نکال کر ترقی کے راستے پر ڈال سکتی ہے۔ جماعت اسلامی کی نڈر اور بے باک قیادت ہی پاکستان کے مسائل حل کرسکتی ہے۔