امن وامان کے حوالے سے افغانستان سے بات چیت جاری ہے،آرمی چیف

158

خیبر ایجنسی ،راولپنڈ ی (صباح نیوز)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ امن وامان کے حوالے سے افغانستان سے بات چیت جاری ہے ،فاٹا اصلاحات پر قبائلی عوام کے خواہشات کے مطابق عملدرآمد کیا جائے گا ، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لنڈی کوتل کا دورہ کیا۔ قبائلی جرگے سے ملاقات میں آرمی چیف نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ ان کے تمام دکھ اور تکالیف کا ازالہ کیا جائے گا۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ فاٹا اصلاحات پر قبائلی عوام کے خواہشات کے مطابق عملدرآمد کیا جائے گا۔ امن وامان کے حوالے سے افغانستان سے بات چیت جاری ہے تاہم قبائلی علاقوں میں امن وامان بحال رکھنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قبائلیوں
کے لیے روز گار کے مواقع پیدا کریں گے۔ اس سلسلے میں آئندہ 10 سال میں قبائلی علاقوں میں ایک ہزار ارب روپے خرچ ہوں گے۔دریں اثنا آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے طورخم کے قریب پاک افغان سرحد کا دورہ بھی کیا ۔ کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نذیر بٹ نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔اس موقع پر کورکمانڈرپشاور نے آرمی چیف کو بارڈر پر آہنی باڑ کی تنصیب کے بارے میں بریفنگ دی جبکہ آرمی چیف کو پاک افغان سرحد پر سیکورٹی انتظامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے سیکورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا،علاوہ ازیں آرمی چیف کو پشاور کورہیڈکوارٹرزمیں سیکورٹی صورتحال پربریفنگ دی گئی ،اس دوران انہیں آپریشن ردالفسادپرپیشرفت سے آگاہ کیاگیا۔