شام میں معصوم اور بے گناہ افراد کا قتل تشویش ناک اور لمحہ فکر ہے

244

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 70 کے امیر رانا طہٰ خاں، جنرل سیکرٹری میاں عتیق الرحمن، ڈاکٹر محمد انور، فاروق بیگ، ڈاکٹر عبدالعلیم اور رانا نذیر خاں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ شام میں معصوم اور بے گناہ افراد کا قتل عام تشویش ناک اور لمحہ فکر ہے۔ حکومت پاکستان شام میں معصوم اور بے گناہ مسلمانوں کا قتل عام رکوانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر سفارتی تعلقات کو استعمال کرکے اپنا کردار ادا کرے۔ اس وقت پاکستان امت مسلمہ کی امیدوں کا مرکز ہے۔ شام کے معاملے کے حل کے لیے بھی پاکستان کو اپنا مرکزی کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ امت مسلمہ باہمی اختلافات کا شکار ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ بحیثیت مسلمان ہمیں یہود و نصاریٰ کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنے باہمی اختلافات کو ختم کرکے آگے بڑھنا ہوگا اور مسلمانوں کیخلاف ہونے والی سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا۔ روس اور امریکا اپنی جنگ شام میں لڑرہے ہیں۔ عالمی طاقتیں چاہتی ہیں کہ مشرق وسطیٰ میں آگ اور خون کا یہ کھیل جاری رہے، اس لیے عراق، لیبیا اور یمن کے بعد شام میں خانہ جنگی کی کیفیت پیدا کی گئی ہے۔