آئندہ انتخابات حکمرانوں کے لیے مکافات عمل ثابت ہوں گے

208

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 67 کے امیر نعمان احسن ملک، یوسف گل پراچہ، محمد بلال انور، میاں اجمل حسین بدر ایڈووکیٹ اور دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ 2018ء کے انتخابات موجودہ برسر اقتدار لوگوں کے لیے مکافات عمل ثابت ہوں گے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک وقوم کو مہنگائی، بے روزگاری، لاقانونیت، دہشت گردی، لوڈشیڈنگ، کرپشن اور دیگر مسائل میں اضافے کے سوا کچھ نہیں دیا۔ نعمان احسن ملک نے کہا کہ پاکستان کے 22 کروڑ عوام صاف ستھری اور کرپشن سے پاک قیادت چاہتے ہیں اور جماعت اسلامی کے پاس امانتدار اور باکردار قیادت موجود ہے۔ جماعت اسلامی نے اقتدار سے باہر رہ کر بھی عوام کی خدمت کی ہے اور اسمبلیوں کے اندر بھی عوامی مسائل کو بھرپور انداز میں اٹھایا ہے۔ اگر عوام نے 2018ء میں جماعت اسلامی پر اعتماد کا اظہار کیا تو ہم انہیں مایوس نہیں کریں گے۔