اہم خبریں

290

اقوام متحدہ کی روہنگیا مسلمانوں کے
لیے951 ملین ڈالر امداد کی اپیل
اقوام متحدہ (اے پی پی) اقوام متحدہ نے روہنگیا مسلمانوں کی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کے لیے951 ملین ڈالر کی اپیل کی ہے۔ ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق جنیوا میں اقوام متحدہ کی اپیل میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ
کے اداروں اور شراکت دار این جی اوز نے مشترکہ منصوبے کا اعلان کیا ہے جس کے مطابق روہنگیا مسلمانوں کی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کے لیے951 ملین ڈالر درکار ہیں تاکہ 9لاکھ بے گھر افراد کی ضروریات فوری طور پر پوری کی جاسکیں اس لیے تمام ممالک اور فلاحی ادارے تعاون کریں۔

سیکورٹی فورسز کی کارروائیاں،بلوچستان کے مختلف علاقوں سے 5دہشت گردگرفتار
راولپنڈی(اے پی پی)سیکورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران 5دہشت گردوں کوگرفتار کرلیا جبکہ 6دہشت گردوں نے ہتھیارڈال دیے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف
سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق سیکورٹی فورسز نے کوئٹہ، اوچ، ڈیرہ بگٹی، لورالائی ، پشین اورسبی میں انٹیلی جنس اطلاعات پر مبنی کارروائیاں کیں۔اس دوران 5دہشت گردوں کوگرفتار کرلیا گیا جبکہ 6دہشت گردوں نے ہتھیارڈال دیے۔ان کارروائیوں کے دوران اسلحہ کے ذخیرے جن میں بارودی سرنگیں، ایمونیشن، دھماکا خیزمواد،دیسی ساختہ بارودی سرنگیں، ڈیٹونیٹرز، سب مشین گنزاوررابطوں کے آلات شامل ہیں کوبرآمدکرلیا۔

اسرائیلی فوج کی غزہ میں حماس
کے ٹھکانوں پر بمباری
غزہ (اے پی پی) اسرائیلی فضائیہ نے غزہ پٹی میں حماس کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ اسرائیلی افواج نے اتوار کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا ہے کہ غزہ میں ہونے والی ہر چھوٹی بڑی پیش رفت کا ذمے دار حماس کو ٹھہرایا جائے گا۔
فلسطینی ذرائع کے مطابق ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب کی گئی اس کارروائی میں کوئی ہلاک نہیں ہوا۔ یہ کارروائی غزہ کے شمالی حصے میں اسرائیلی سرحد کے قریب ایک دھماکے کے بعد کی گئی۔ علاوہ ازیں فلسطینی وزیراعظم رامی الحمد اللہ کے حال ہی میں غزہ کی پٹی کے دورے کے دوران قافلے پر ہونے والے حملے کے بعد تحقیقات میں عدم تعاون پر قطر کی ایک موبائل کمپنی کو بند کردیا گیا ہے۔

ا یران نے 67 غیرقانونی پاکستانی
تارکین وطن کو ایف آئی اے کے حوالے کردیا
کوئٹہ (صباح نیوز) ایرانی حکام نے67 غیرقانونی پاکستانی تارکین وطن کو ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔ پاکستانیوں کو تفتان سرحد پر حوالے کیا گیا۔ یہ افراد سفری دستاویزات کے بغیر ایران میں مقیم تھے۔

ولادی میر پیوٹن چوتھی بار
روس کے صدر منتخب
ماسکو(مانیٹرنگ ڈیسک) روس میں جاری صدارتی انتخابات کے ابتدائی نتائج کے مطابق ولادیمیر پیوٹن 74 فیصد ووٹ لیکر کامیاب ہو گئے ہیں۔ایگزٹ پول کے مطابق ولادیمیرپیوٹن نے
73.9 فیصد ووٹ لے کر فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ہے اور وہ چوتھی مدت کے لیے روس کے صدر بننے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔صدارتی انتخاب کے لیے ووٹنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو رات 8 بجے تک جاری رہا۔صدارتی انتخابات میں صدر پیوٹن کے مقابلے پر 7 امیدواروں نے انتخابات میں حصہ لیا۔1500سے زائد عالمی مبصرین اور ہزاروں مقامی مبصرین نے صدارتی انتخاب کے لیے ووٹنگ کے عمل کو بہت قریب سے دیکھا جبکہ حکومت کی جانب سے صدارتی انتخاب کو شفاف بنانے کا دعویٰ بھی کیا گیا۔

ایران کایمنی تنازع کے فریقین کے درمیان بات چیت کا مطالبہ
تہران (اے پی پی) ایرانی سیکورٹی حکام کی جانب سے یمن میں جاری تنازع کے فریقین کے درمیان بات چیت کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ایران کی قومی سلامتی کونسل کے
سیکرٹری علی شام خانی نے عمان کے وزیرِ داخلہ سے ملاقات کے دوران اس بات کا ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران اور عمان، یمنی تنازع کے بارے میں یکساں نقطہ نظر رکھتے ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ یمن میں فوری فائر بندی کے ذریعے جنگ ختم ہو جانی چاہیے۔ دوسری جانب یمن میں سعودی حکمران اور مسلح حوثی باغیوں کے رہنماؤں کے درمیان خفیہ بات چیت کے لیے کوششیں بھی جاری ہیں۔ مذاکرات کا مقصد یمن میں 3 سال سے جاری جنگ کی وجہ سے پیدا ہونے والے انسانی بحران کا خاتمہ ہے۔