ورلڈ واٹر ڈے کے حوالے سے کاٹی میں خصوصی اجلاس کا انعقاد

791

آبی وسائل کی ناقدری کے باعث صحت اور معیشت کو خطرات لاحق ہیں، طارق ملک 

جنید نقی، ڈاکٹر سمیع الزماں ، کوکب اقبال اور دیگر کا اظہار خیال

کراچی: کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے صدر طارق ملک نے کہا ہے کہ ہم نے اپنے آبی وسائل کی قدر نہیں کی جس کی وجہ سے صحت عامہ اور معیشت کو ہمہ جہت خطرات لاحق ہیں، ہنگامی بنیادوں پر ملک میں آبی ذخائر کی تعمیر کیے جائیں، شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کے لیے چیف جسٹس آف پاکستان جناب جسٹس ثاقب نثار کے احکامات اور واٹر کمیشن کی تشکیل پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کاٹی میں معقدہ ورلڈ واٹر ڈے سے متعلق خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔

اس موقعے کاٹی کے نائب صدر جنید نقی، چیئرمین کنزیومر ایسوسی ایشن آف پاکستان کوکب اقبال، ممتاز سائنس داں ڈاکٹر سمیع الزماں، سکندر اقبال، طارق اسلام باغپتی اور دیگر نے بھی اظہار کیا۔ نائب صدر کاٹی نے کہا کہ عالمی یوم آب کا مقصد آگاہی فراہم کرنا ہے، اسی مقصد کے تحت یہ خصوصی اجلاس منعقد کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آبی ذخائر نہ ہونے کی وجہ سے سالانہ 1800ارب روپے مالیت کا پانی ضایع ہوجاتا ہے، جب کہ جی ڈی پی کا بڑا حصہ مضر صحت پانی سے پیدا ہونے والے امراض پر خرچ ہورہا ہے۔ ڈاکٹر سمیع الزماں نے پانی کے ذخائر کی تعمیر، ان سے توانائی کا حصول اور صحت کے معیارات کے مطابق پینے کے صاف پانی کی فراہمی سے متعلق شرکا کو اہم امور پر تفصیلات سے آگاہ کیا۔ کنزیومر ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین کوکب اقبال نے کہا کہ ہمارا ہر دن ’’واٹر ڈے‘‘ ہونا چاہیے، پانی کے ضیاع کو روکنے کے لیے عوامی آگاہی مہم چلانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجروصنعت کار برادری اس مسئلے کی حساسیت سے واقف ہے۔ اجلاس میں متفقہ طور پر شہرویوں کو صاف پانی کی فراہمی سے متعلق چیف جسٹس آف پاکستان جناب جسٹس ثاقب نثار کے احکامات اور جسٹس(ر) امیر ہانی مسلم کی سربراہی میں واٹر کمیشن کے اقدامات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔