بہتر کل کے تحفظ کے لیے اینگرو کارپوریشن نے ارتھ آور2018 منایا

465

کراچی: پاکستان میں کمپنیوں کے سب سے بڑے گروپ اینگرو کارپوریشن نے سال 2018 کا گلوبل ارتھ آور منانے کیلئے دنیا بھر کی ہزاروں آرگنائزیشنز کے ساتھ ہاتھ ملا لیے ہیں۔ دنیا بھر میں افراد اور آرگنائزیشنز نے عالمی ماحولیاتی تبدیلی کی حمایت میں اپنی لائٹیں بند کردیں اور اینگرو کارپوریشن نے بڑے پیمانے پر اثرات مرتب کرنے اور ماحولیاتی تبدیلی کے حل کیلئے اپنا عزم ازسرنو ظاہر کرتے ہوئے کمپنی میں اپنی تمام بیرونی لائٹیں بند کر دیں اور اپنی عمارتوں اور تنصیبات پر تمام غیرضروری لائٹوں کی روشنی بھی کم کر دی۔
ارتھ آور(زمین کا گھنٹہ) منانے کا سلسلہ ورلڈ وائلڈ لائف(WWF) نے 2007 میں شروع کیا تھا تاکہ افراد اور کاروباری طبقے کو یہ بتایا جا سکے کہ کس طرح آسان اقدامات کے ذریعے وہ ماحولیاتی تبدیلی پر اہم اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔ 2008 میں یہ ایک عالمی تحریک بن گئی جہاں 50 ملین(پانچ کروڑ) سے زائد افراد نے اس میں شرکت کی اور آج یہ دنیا بھر میں سب سے بڑی ماحولیاتی تحریک بن چکی ہے جہاں 7براعظموں کے 172 ملکوں اور خطوں کے 7 ہزار شہروں اور دیہاتوں کے کروڑوں، اربوں لوگ اس مہم میں شرکت کررہے ہیں۔
ارتھ آور مہم کے حصے کے طور پر اینگرو فرٹیلائزر کی بہترین فرٹیلائزر پراڈکٹ ’’اینگرو زرخیز‘‘ نے درخت لگانے کی سرگرمی کا انعقاد کیا۔ اپنے اس ہرے بھرے اقدام کے ذریعے اینگرو زرخیز نے کاربن کی کمی کی کوششوں میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اینگرو زرخیز ٹیم کی اہم کامیابی سالانہ بنیادوں پر پانی کی کھپت میں 50 فیصد سے زائد حد تک کمی ہے جہاں پانی کو ری۔سائیکل کر کے سالانہ 3 لاکھ 65ہزار گیلن پانی کی بچت کی گئی اور 20 فیصد توانائی کے متبادل ذرائع کے استعمال اور توانائی کے تحفظ کے طریقوں پر عمل کر کے اپنی انتظامی عمارت پر بجلی کا دباؤ کم کیا۔
اس موقع پر اینگرو کے گرین آفس کے سربراہ جناب واجد حسین جونیجو نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ارتھ آور کے ذریعے ہم توانائی کی بچت کے عزم کا اظہار کرتے ہیں۔ ہم نے پوری آرگنائزیشن کی سطح پر اس اقدام کو کو پھیلانے کیلئے سخت محنت کی اور اس اقدام کیلئے سب سے ٓآگے رہنے پر ہم فخر محسوس کرتے ہیں۔ گزشتہ کچھ سالوں کے دوران ہمیں ناصرف پاکستان کی مختلف آرگنائزیشنز بلکہ حکومت اور WWF فن لینڈ کی جانب سے بھی بھرپور سپورٹ کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس بات پر فخر محسوس کرتے ہیں کہ زمین پر کاربن کی کمی کی ہماری کوششوں کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا اور ہم ماحولیات پر توجہ دینے کا عملی مظاہرہ کرنے کی کوششیں کرتے رہیں گے تاکہ ہمارا کاروباری مفاد قومی مفاد سے ہم آہنگ رہے۔
گزشتہ 3 سالوں سے اینگرو کارپوریشن نے کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج کا بڑا سبب بننے والی بجلی کی کھپت میں انتہائی کامیابی سے 42 فیصد کمی کی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ کاغذ کے استعمال میں بھی 56 فیصد تک کمی کی گئی ہے جبکہ بنیادی سطح کے مقابلے میں کاربن میں 44 فیصد اور کچرے میں 82 فیصد تک کمی کی گئی ہے۔