کراچی (سید وزیر علی قادری) اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی کی ٹیموں کے درمیان پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) تھری کا فائنل 25 مارچ اتوار کو نیشنل کرکٹ ا سٹیڈیم، کراچی میں کھیلا جائیگا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم کے بعد گزشتہ روز پشاور زلمی نے ایلی منیٹر2 کے میچ میں کراچی کنگز کو 13 رنز سے شکست دیکر پی ایس ایل کے فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا جہاں اس کامقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ سے ہوگا۔ پشاور زلمی ٹیم کی قیادت ڈیرن سمی کرینگے جبکہ اسلام آباد کے کپتان مصباح الحق ہیں۔ پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے لئے تیاریاں عروج پر ہیں، میچ کے لئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جا رہے ہیں، کراچی میں جگہ جگہ بڑی بڑی اسکرینیں لگائی جا رہی ہیں، پاکستان سپر لیگ کا فائنل میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق رات 7 بجے شروع ہوگا۔ پی ایس ایل کی فائنلسٹ ٹیموں کے کپتانوں نے میچ میں کامیابی کے لئے بیانات دیئے ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان پی ایس ایل کا فائنل میچ انتہائی سخت اور کانٹے دار ہوگا۔پاکستان سپر لیگ کے پہلے دو ایڈیشنز کے فائنل میچ دبئی اور لاہور میں کھیلے گئے تھے، یہ پہلا موقع ہے کہ کراچی نیشنل سٹیڈیم پاکستان سپر لیگ کے کسی میچ کی میزبانی کریگا۔ا سٹیڈیم کی نشستیں، چھتوں اور سڑکوں کی حالت بہتر بنائی گئی ہے جبکہ دونوں پچوں اور گراؤنڈ کو بھی بہتر بنایا گیا ہے، انکلوژر حنیف محمد، وسیم باری، عمران خان اور وسیم اکرم سمیت پاکستان کے مایہ ناز کرکٹروں کے ناموں سے مسنوب کئے گئے ہیں، کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں آخری مرتبہ فروری 2009 میں پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے مابین ایک روزہ میچ کھیلا گیا تھا اور اس کے بعد سری لنکن ٹیم پر لبرٹی میں ہونے والے دہشت گردوں کے حملے کے بعد ملک سے انٹرنیشنل کرکٹ روٹھ گئی تھی ، نیشنل ا سٹیڈیم راچی میں 32 ہزار سے زیادہ تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے، ٹکٹ آن لائن اور ٹی سی ایس کے ذریعے فروخت کئے گئے جو صرف2 روز میں فروخت ہو گئے، فائنل میچ دیکھنے کیلئے کراچی کے شائقین میں کافی جوش و خروش ہے جبکہ ملک کے دیگر حصوں سے بھی شائقین کرکٹ میچ دیکھنے کیلئے کراچی پہنچیں گے، پلے آف میچز سے قبل پول میں پہلی پوزیشن اسلام آباد یونائیٹڈ کو حاصل تھی جبکہ پشاور زلمی کی ٹیم کی تیسری پوزیشن تھی، پشاور زلمی کے بلے باز کامران اکمل اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے رونچی نے اپنی اپنی ٹیموں کو فائنل میں پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا، کامران اکمل نے ٹورنامنٹ میں ابتک سب سے زیادہ رنز اسکور کئے ، انہوں نے 12میچز میں ایک سنچری اور 4 نصف سنچریوں کی بدولت 424 رنز بنائے جبکہ رونچی نے 10 میچز میں 4 نصف سنچریز کی مدد سے 383 رنز بنائے، دونوں ٹیمیں جیت کیلئے پرعزم دکھائی دیتی ہیں۔کراچی میں پاکستان سپر لیگ تھری کے فائنل کی تیاریاں عروج پر ہیں، شہر کی سڑکوں اور فلائی اوورز کو سجایا جا رہا ہے۔ پی ایس ایل میں شامل کھلاڑیوں کے پوسٹرز جگہ جگہ لگا دیئے گئے۔کراچی میں پاکستان سپر لیگ تھری کے فائنل کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ پی ایس ایل میں شامل کھلاڑیوں کے پوسٹرز اور مجسمے بھی شاہراہوں پر لگا دئیے گئے ہیں۔ کرکٹ کے دیوانے بھی ان شاہراہوں پرنکل آئے ہیں۔وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے بھی نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا اچانک دورہ کیا۔ مراد علی شاہ نے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ جس کے بعد انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ فائنل مقابلہ کراچی ہی نہیں پورے سندھ کی عوام کیلئے ہے۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ غیر ملکی کھلاڑی کراچی آئیں جہاں بھی جانا چاہیں سکیورٹی فراہم کریں گے۔ پاکستان سپر لیگ کا فائنل 25مارچ کو کراچی میں کھیلا جائیگا جس کیلئے شہر قائد کو دلہن کی طرح سجایا جارہا ہے۔