***۔۔۔۔۔۔بلوچستان۔۔۔۔۔۔***

163

گوادر (نمائندہ جسارت) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریوینو گوادر سلطان خان بگٹی نے کہا کہ پولیو کے تدارک کے لیے زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسداد پولیو مہم کے انتظامات سے متعلق اجلاس کے صدارت کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ضلعی افسر صحت ڈاکٹر آصف شاہوانی، ایم ایس سول اسپتال عبداللطیف دشتی سمیت تمام محکموں کے افسران اور سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں پولیو کے تدارک کی راہ میں حائل رکاوٹوں سے نمٹنے کے لیے نگرانی اور احتساب کے نظام میں مزید بہتری لانے کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا ہے 9 اپریل سے 12 اپریل کو شروع ہونیوالی پولیو مہم میں پولیو کے مرض سے محفوظ رہنے کے لیے ضروری ہے کہ معاشرے کے تمام طبقات قومی مہم میں بڑھ چڑھ کر اپنا کردار ادا کریں۔ اس حوالے سے ضلع، تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر پولیو تدارک کے پروگرام کی راہ میں حائل رکاوٹوں پر قابو پانے کے لیے کہ کامیابی اور طے شدہ اہداف کے حصول کے لیے ہمیں نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے ساتھ پولیو کے تدارک کے پروگرام سے منسلک تمام افراد کی کارکردگی کو جانچنا چاہیے جن علاقوں میں مسائل ہیں ان علاقوں میں درپیش مسائل کو حل کرانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں تا کہ پولیو تدارک کے پروگرام کے ثمرات کے حصول اور حکمت عملی میں مزید بہتری لانے کے لیے جدوجہد کو دوگنی رفتار سے مزید تیز کیا جائے تاکہ کوئی بھی بچہ پو لیو مہم میں قطرے پلانے سے رہ نہ جا ئے۔* ایس ایس پی گوادر برکت حسین کھوسہ کی خصوصی ہدایت پر ایس ایچ گوادر امام بخش بلوچ نے کارروائی کے دوران شہر میں موٹر سائیکل چوری میں ملوث دو بھائیوں ماجد ولد محمد رحیم بنگلزئی اور عدنان ولد محمد رحیم بنگلزئی کوگرفتار کرلیا۔ دونوں بھائیوں کو موٹرسائیکل چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے گوادر پولیس تھانہ منتقل کردیا۔ دوران تفتیش ملزمان کے قبضے سے دو موٹرسائیکل برآمد کرلیے گئے، جن میں ایک موٹرسائیکل گزشتہ دنوں گوادر کے ایک ہوٹل میں سے چوری ہوئی تھی۔ واضح رہے کہ دونوں ملزمان پہلے ہی سے موٹر سائیکل چوری کے الزام ثابت ہونے پر عدالت سے سزایافتہ ہیں۔* پاک نیوی اور گوادر گلیڈئیٹر کرکٹ ٹیموں کے درمیان دوستانہ میچ۔ گوادر گلیڈئیٹر نے میچ سات وکٹوں سے چیت لیا۔ یوم پاکستان کے مناسبت سے پاک نیوی اور گوادر گلیڈئیٹر کرکٹ ٹیموں کے درمیان دوستانہ میچ سینیٹر محمد اسحاق کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا ۔ میچ دس اوورز پر مشتمل تھا ۔ پاک نیوی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں 122 رن اسکور کئے جسے گوادر گلیڈئیٹر نے ٹارگٹ کو 7وکٹوں سے پورا کرکے میچ جیت لیا۔ دوستانہ میچ کے دوران پاک نیوی کے کموسٹ ذیشان،چیرمین ضلع کونسل بابو گلاب، مسٹر شینگ ، ضلع کونسل گوادر کے ممبر در محمد سمیت شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔