وفاق کاصوبوں کو دیے گئے محکمے واپس لینے کا فیصلہ 

652
وفاق کاصوبوں کو دیے گئے محکمے واپس لینے کا فیصلہ 
وفاق کاصوبوں کو دیے گئے محکمے واپس لینے کا فیصلہ 

کراچی ( رپورٹ : محمد انور ) وفاقی حکومت نے ان تمام محکموں کو صوبوں سے واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے جو 18 ویں ترمیم کے تحت صوبوں کو منتقل کردیے گئے ہیں ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ عوامی مفاد میں 10 جنوری کو ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا تھا۔تاہم ملک کی صورتحال اور سینیٹ انتخابات کے باعث اس پر فوری عمل درآمد نہیں کیا گیا بلکہ اس حوالے سے دیگر کارروائی بھی نہیں کی گئی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے صوبوں کے حوالے کیے جانے والی منسٹریز و ڈویژن کو واپس وفاق میں شامل کرنے کے لیے حتمی مشاورت شروع کردی ہے۔ اس ضمن میں کیبنٹ ڈویژن نے ایک سرکلر کے ذریعے متعلقہ ڈویژن اور محکموں سے آئین کی 18 ویں ترمیم کے تحت صوبوں کے حوالے کیے گئے محکموں کو واپس وفاق میں شامل کرنے کے لیے جلد سے جلد تجاویز طلب کر لی ہیں۔ وزارت کابینہ نے ہدایت کی ہے کہ کابینہ کے فیصلے پر عملدرآمد کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ ساتھ ہی آئینی ترمیم میں نظرثانی کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں۔ یاد رہے اس ترمیم کے تحت صحت، تعلیم اور اراضی کے امور صوبوں کے حوالے کردیے گئے ہیں ۔