کراچی پریس کلب میں صحافی مشاعرے کا انعقاد۔

737

کراچی(اسٹا ف رپورٹر)یوم پاکستان کی مناسبت سے 23 مارچ کو کراچی پریس کلب میں منعقدہ صحافی مشاعرے نے خوشیوں کے رنگ بکھیر دیے۔صحافیوں اور ان کے اہل خانہ سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے صحافی مشاعرے میں شرکت کرکے شعرا ء کرام کی حوصلہ افزائی کی۔

تفصیلات کے مطابق یوم پاکستان کی مناسبت سے 23 مارچ کو کراچی پریس کلب کے زیر اہتمام کراچی پریس کلب میں صحافی مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا ، جس میں صحافی شعرا ء نے بھرپور طریقے سے حصہ لیا۔ مشاعرے کی صدارت پاکستان کے معروف شاعر و ادیب انور شعور نے کی جبکہ مہمان خصوصی پر وفیسر عنایت علی خان تھے ، نظامت کے فرائض کراچی پریس کلب کے سیکریٹری ادبی کمیٹی ، معروف صحافی وشاعر اے ایچ خانزادہ نے سرانجام د ئیے۔

استقبالی کلمات کراچی پریس کلب کے سیکرٹری جنرل مقصود احمد یوسفی نے ادا کیے۔انہوں نے کہا کہ مشاعرے ہمارے تہذیب کا ایک حصہ ہیں۔کراچی پریس کلب کی ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ اپنی تابندہ روایات کو برقرار رکھا جائے اور یہ مشاعرہ بھی اس ہی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ نفسانفسی کے اس دور میں عوام اور خصوصاً صحافیوں کے لیے ایسی محافل کاانعقاد انتہائی ضروری ہے۔اس طرح کی محفلوں سے ان کو ذہنی آسودگی حاصل ہوتی ہے اور وہ زیادہ دلجمعی کے ساتھ اپنی پیشہ وارانہ خدمات سرانجام دیتے ہیں۔

کراچی پریس کلب کے صدر احمد خان ملک نے کہا کہ کراچی پریس کلب اپنے قیام سے لیکر اب تک ہمیشہ سیاسی، ثقافتی اور ادبی سرگرمیوں کا مرکز رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج یہاں شعر اء کا کلام سن کر انتہائی خوشی محسوس ہوئی ہے۔ان کا کلام انتہائی بلند پایہ تھا جس سے یہاں آنے والے تمام مہمان انتہائی محظوظ ہوئے ہیں۔

کراچی پریس کلب کے پلیٹ فارم سے مستقبل میں بھی اس طرح کے مشاعرے کرانے کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ صحافی مشاعرے میں اپنے اشعار کے ذریعہ
مشاعرے کو رونق بخشنے اور شرکا کو محظوظ کرنے والوں میں ملک کے مشہو ر شا عر پروفیسر عنایت علی خان، راشد نور،فاضل جمیلی ،اجمل سراج،وجہیہ ثانی، ڈاکٹر نثار احمد نثار، قیصر وجدی، شبیر نازش، عقیل عباس جعفری، عبدالرحمن مومن، خالد معین، ہدایت علی سائر، سحر حسن، محمد عثمان جامعی، اختر سعیدی، سرور جاوید، سیمان نوید، مرزا تنویر بیگ، نعمان جعفری، فیض عالم بابر، اقبال خاور، شکیل انجم لاشاری، افشاں سحر، کینیڈا سے آئی ہوئی مہمان شاعرہ نسیم سعید، عنبرین حسیب عنبر، زاہد حسین شامل تھے۔ مشاعرے میں صحافیوں اور ان کے اہلخانہ کے علاوہ مختلف و سماجی رہنما اور دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔