حکمران طبقہ جھوٹ، منافقت کی سیاست کررہا ہے، زبیر لطیف

118

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 68 کے امیر زبیر لطیف، چودھری نوید اسلم، میاں عبدالستار بیگا، رانا نعیم اکرم اور دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ مجلس عمل کا بحال ہوجانا خوش آئند ہے، تمام دینی جماعتیں متحد ہوجائیں، اس میں ہی ان کی بقا و سلامتی ہے۔ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں غربت، مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی نے مستقل ڈیرے ڈال رکھے ہیں، عوام 2018ء میں ووٹ کی طاقت سے کرپٹ اور استحصالی نظام کا احتساب کریں گے۔ حکمران طبقہ اور ان کی ٹیم قرضوں پر چلنے والی معیشت میں بہتری اور ترقی وخوشحالی کے جھوٹے دعوے کرتے نہیں تھکتے جبکہ دوسری طرف عوام غربت کے ہاتھوں تنگ آ کر خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں۔ ملک میں حکمران طبقہ جھوٹ، منافقت کی سیاست کررہا ہے، عوام کو دھوکے میں رکھ کر ان کا خون نچوڑا جارہا ہے۔ آٹا، چینی، دال سے لے کر بجلی اور گیس تک ٹیکسز کی بھر مار نے عوام کی زندگی کو اجیران بنا رکھا ہے۔ زبیر لطیف نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں ملک کے مفادات کیخلاف سیاسی مفادات کو پروان چڑھانے والی سیاسی قوتیں عوام کے سامنے جوابدہی کے لیے تیار ہوجائیں۔