8 اپریل کو مینار پاکستان میں اُمت مسلمہ یوتھ کنونشن ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا

168

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی ) امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ8 اپریل کو مینار پاکستان لاہور کے تاریخی مقام پراُمت مسلمہ یوتھ کنونشن ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ ان شاء اللہ راولپنڈی سے ہزاروں نوجوان لاہور کے کنونشن میں شرکت کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی دفتر سید مودودی ؒ بلڈنگ میں جماعت اسلامی کے زونل و یوسی اُمراء اور جے آئی یوتھ کے عہدیداران کے ایک مشترکہ خصوصی اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس اجلاس میں 8 اپریل کو لاہور میں مینار پاکستان کے مقام پر منعقد ہونے والے جے آئی یوتھ صوبہ پنجاب کے اُمت مسلمہ یوتھ کنونشن میں شرکت اور تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر زونل ویوسی اُمراء اور جے آئی یوتھ کے عہدیداروں نے تیاریوں کے حوالے سے رپورٹس پیش کیں ۔سید عارف شیرازی نے کہا کہ نوجوان مسلم اُمہ کا عظیم سرمایہ ہیں ۔ ان کو مثبت سرگرمیوں کی ضرورت ہے۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی قیادت میں بڑے پیمانے پر نوجوان جے آئی یوتھ کے پلیٹ فارم پر جمع ہو رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ الحمد للہ ! ہمارے نوجوان بڑے با صلاحیت ہیں ۔ مستقبل میں ملک کی باگ ڈور یہی نوجوان سنبھالیں گے۔ جماعت اسلامی ہر سطح پر نوجوان قیادت کو سامنے لا رہی ہے ۔ یہی نوجوان آنے والے دنوں میں یونین کونسل سے لے کر صوبائی اور قومی اسمبلی تک عوام کی نمائندگی کریں گے۔سید عارف شیرازی نے کہا کہ ہمیں نوجوانوں سے بڑی اُمیدیں ہیں ۔جے آئی یوتھ کے نو منتخب عہدیداران اپنی گلی محلے اور یونین کونسل کے عوام کے مسائل کو حل کرنے کے سلسلے میں آگے آئیں ۔مصیبت اورتکالیف کے شکار عوام کے لیے سہارا بنیں ۔