پوٹھوہار سرکل میں ڈکیتی کے5 واقعات ، ایک نوجوان جاں بحق

147

راولپنڈی (اے پی پی) پولیس کی جانب سے ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث09گینگ گرفتار کرنے کے باوجود پوٹھوہارسرکل میں سٹریٹ کرائم پر قابو نہیں پایا جا سکا ،گزشتہ ایک ہفتے میں ڈکیتی کے پانچ واقعات میں ایک نوجوان جاں بحق اورتین شہری زخمی ہوگئے ہیں جبکہ ملزمان لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات موبائل فونز اور نقدی لے کر فرار ہو گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق تھانہ ائر پورٹ کے علاقہ محلہ نورانی فضل آبادمیں دوران ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے سولہ سالہ شاہ زیب قتل ہوا جبکہ اس کا باپ بادشاہ خان زخمی ہو گیا، ڈاکو نقدی و موبائل فونز چھین کر فرار ہو گئے،نوجوان کی ہلاکت پر اہل علاقہ نے نماز جنازہ کے بعدلاش سڑک پر رکھ کرا حتجاج بھی کیا۔پولیس ذرائع کے مطابق چند روز قبل تھانہ صدر بیرونی کے علاقہ گلشن آباد میں بیوٹی پارلر میں ڈکیتی کی واردات میں میک اپ کرانے آئی خاتون کو دو ڈاکوؤں نے لوٹ لیا ،ڈاکو خاتون فوزیہ سے چوڑیاں،ہار،انگوٹھیاں اورنقدی لوٹ کر فرار ہو گئے۔ گزشتہ ہفتے تھانہ رتہ امرال کے علاقے ڈھوک حسو میں دوران ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کی گئی جس سے پولیس ملازم کا بیٹا زخمی ہوا۔جمعرات کی صبح تین بجے ڈاکوؤں نے نوجوان سے موبائل فون اور نقدی چھینی تو مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے اسلام آباد پولیس کے اے آیس آئی کا بیٹا زخمی ہو گیا ،زخمی نوجوان کو تشویشناک حالت میں ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیاگیا۔ تھانہ ریس کورس کے علاقے کمال آباد میں واقع گھر میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر میاں بیوی زخمی ہوئے جبکہ ڈاکو فرار ہو گئے ، تین ڈاکو اسلحے کی نوک پر 27 لاکھ روپے اور سونا چھین کر لے گئے ،زخمی خاتون کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔ واقعہ کی درخواست پولیس کو دے دی گئی، تھانہ ریس کورس کی حدود میں ڈکیتی کی ایک اور واردات کے دوران دکانوں کے تالے توڑ کر میڈیکل اسٹور سے لوٹ مار کی گئی۔سی سی ٹی وی فوٹیج کے باوجود پولیس ملزمان تک نہ پہنچ سکی، تالہ توڑ گینگ اس سے قبل درجنوں دکانوں کا صفایا کرچکا ہے۔پوٹھوہار سرکل پولیس کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے ہونے والے ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔