گوگل نے کروم کے نئے ورژن (66) میں خودکار طور پر چلنے والی (آٹو پلے) وڈیوز کو بلاک کرنے کی سنجیدہ کوششوں کا آغاز کردیا ہے۔گوگل نے ویب براؤزنگ کے دوران خودکار طور پر لوڈ ہو کر صارفین کو اپنی آواز سے پریشان کرنے والی وڈیوز کو بلاک کرنے کےلیے کروم کے نئے ورژن 66 میں نیا آپشن متعارف کرایا جائے گا جو ایسی کسی بھی آٹو پلے وڈیو کو چلنے سے روک دے گا جس میں آواز ہوگی، تاکہ کروم صارفین کو اس کی آواز سے ہونے والی کوفت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اس سے قبل گوگل کروم نے جنوری میں متعارف کرائے گئے کروم 64 میں خودکار مداخلت کار ویب سائٹس کو خاموش کرنے کا آپشن permanently mute annoying websites شامل کیا تھا تاہم اس میں مزید تبدیلیوں کو نئے ورژن تک مؤخر کردیا گیا تھا جنہیں اب اگلے ماہ متعارف ہونے والے کروم 66 میں شامل کردیا گیا ہے۔
اس اقدام کے بعد صارفین خودبخود چلنے والی وڈیوز اور ان کی آواز سے پریشان نہیں ہوسکیں گے اور کام کے دوران اپنے کمپیوٹر اور لیپ ٹاپ کے اسپیکرز کو آن رکھ سکیں گے، بغیر اس خوف کے کہ کوئی شور شرابہ کرتا اشتہار اچانک ہی ان کے کام میں مداخلت کرے گا۔ گوگل کے اس آپشن کو استعمال کرکے ایسی ناپسندیدہ ویڈیوز اور ویب سائٹس کو بھی بلاک کیا جاسکے گا۔