پیما کنونشن کا افتتاح صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کریں گے

184

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی )پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) کے دو روزہ انٹرنیشنل ڈاکٹرز کنونشن میں شرکت کے لیے برطانیہ اور آسٹریلیا سے طبی ماہرین لاہور پہنچ گئے ہیں جبکہ امریکا، اردن، ملائیشیا اور ترکی سے بھی طبی ماہرین شرکت کریں گے۔ پیما کنونشن انتظامی کمیٹی کے چیئرمین پروفیسر حافظ اعجاز احمد نے بتایا کہ پیما کنونشن کے پروگرام کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، پہلے روز 31مارچ کو قومی طبی امور کے موضوع پر سیمینار کی صدارت صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کریں گے جبکہ دیگر مقررین میں ممبر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اختر، پروفیسر سعید اختر، ڈاکٹر نعیم ظفر ڈاکٹر زکی الدین احمد اور ڈاکٹر کامران حسن شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افتتاحی سیشن سے ڈاکٹر علی مشعال (اردن)، ڈاکٹر احسان کرامان(ترکی) اور ڈاکٹر موسیٰ نورالدین (ملائیشیا) بھی خطاب کریں گے۔ پہلے روز میڈیکل کے طلبہ و طالبات کے لیے خصوصی سیشن سے پروفیسر خلیل الرحمن چشتی اور زبیر منصوری کے لیکچرز ہوں گے۔ مختلف طبی موضوعات پر چار متوازی سائینٹیفک سیشنز بھی ہوں گے جن کی صدارت پروفیسر فرید احمد خان (چیئرمین SZH)، پروفیسر عامر زمان ( وائس چانسلر KEMU)اور پروفیسر راشد ضیاء وائس چانسلر AIMC)کریں گے۔ کنونشن کے دوسرے روز یکم اپریل کو طبی اخلاقیات کے موضوع پر سیشن سے مولانا طارق جمیل، پروفیسر حبیب الرحمن عاصم اور پروفیسر نجیب الحق خطاب کریں گے، ’’میڈیکل پروفیشن: ایشوز و چیلنجز‘‘ کے موضوع پر سیشن کی صدارت وفاقی وزیر صحت سارہ افضل تارڑ کریں گی جبکہ دیگر مہمانان میں پروفیسر خالد مسعود گوندل، پروفیسر محمد اقبال خان، پروفیسر سید محمد اویس اور پروفیسر واسع شاکر شامل ہیں۔ پیما کنونشن کا اختتامی سیشن سابقہ صدر نیورو فزیشن پروفیسر محمد طارق سے منسوب کیا گیا ہے۔ اس سیشن میں آئندہ دو سال کے لیے مرکزی صدر و ایگزیکٹو کونسل اراکین کے ناموں کا اعلان کیا جائے گا۔