آسٹریلیا سے در آمد7 شدہ شہد کی مکھیوں کی راولپنڈی میں افزائش شروع

178

راولپنڈی (اے پی پی) محکمہ زراعت پنجاب نے تحقیقی مقاصد کے لیے 40 برس بعد آسٹریلوی نسل کی شہد کی مکھیاں در آمد کر لیں ،شعبہ مگس بانی راولپنڈی میں آسٹریلیا سے در آمد شدہ شہد کی مکھیوں کی افزائش شروع کر دی گئی ہے۔محکمہ زراعت پنجاب کے ذرائع نے بتایاکہ صوبے میں شہد کی مکھیوں کی افزائش کے لیے آسٹریلوی نسل کی شہد کی مکھیاں در آمد کی گئی ہیں اور شعبہ مگس بانی راولپنڈی میں ان کی افزائش کا عمل تیزی سے جا ری ہے ۔انھوں نے بتایاکہ اس سے قبل 1977ء میں تحقیقی مقاصد کی غرض سے غیر ملکی نسل کی شہد کی مکھیاں در آمد کی گئی تھیں ۔شعبہ مگس بانی راولپنڈی کے انچارج اینٹامالوجسٹ آصف رزاق نے سرکاری خبر رساں ادارے کو بتایاکہ محکمہ زراعت پنجاب نے تجارتی بنیادوں پر شہد کی مکھیوں کی افزائش کے لیے آسٹریلوی نسل کی مکھیوں کی افزائش کا عمل شروع کر دیا ہے اور اس حوالے سے مکھیوں کی موسمیاتی نگہداشت کی جا رہی ہے ۔انہوں نے بتایاکہ آسٹریلیا سے در آمد شدہ شہد کی مکھیوں کے لیے راولپنڈی کا موسم انتہائی سازگار ثابت ہوا ہے اور آسٹریلیا سے منگوائی گئی ملکہ مکھیوں کے ایک فلاک سے متعدد نئے فلاک کی افزائش کی جا چکی ہے ۔
آصف رزاق نے توقع ظاہر کی آئندہ دو برس تک کے عرصہ میں شعبہ مگس بانی راولپنڈی پنجاب بھر میں کاشتکاروں کو ان مکھیوں کی تجارتی بنیادوں پر فراہمی شروع کر دے گا ۔انہوں نے کہاکہ کاشتکار دیگر نقد آور فصلات کی کاشت کے ساتھ ساتھ شہد کی مکھیاں پال کر نہ صرف اپنی آمدن میں اضافہ کر سکتے ہیں بلکہ شہد کی مکھیوں کے عمل زیرگی کی بدولت فصلات کی پیداوار میں بھی خاطر خواہ اضافہ کر سکتے ہیں ۔