راولپنڈی: احاطہ عدالت میں فائرنگ‘2افراد جاں بحق

189

راولپنڈی (صباح نیوز) جوڈیشل کمپلیکس میں فائرنگ سے2 افراد جاں بحق ہوگئے۔سماعت کے موقع پر عدالتی کچہری میں قتل کے ملزمان کو پیش کیا گیا جہاں گواہی کا سلسلہ جاری تھا کہ اس دوران ایک گواہ نے فائرنگ کردی جس سے پیشی پر آئے قتل کے2 ملزمان موقع پر جاں بحق اور4 افراد زخمی ہوگئے۔پولیس ذرائع کے مطابق قتل کے2 ملزمان احسن شیرازی اور مطیع اللہ رحیم کوپیشی پرلایا گیا تھا کہ اس دوران کچہری احاطے میں گھات لگائے شخص عبدالستارخان نے ملزمان پرفائرنگ کی جس کے بعد ملزمان کے لواحقین نے عبدالستارخان پرجوابی فائر کییجس سے فائرنگ کرنے والا عبدالستار خان موقع پر ہی مارا گیا۔پولیس ذرائع کا کہناہے کہ فائرنگ سے 4افراد شدید زخمی بھی ہوئے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔سی پی او کا کہنا ہے کہ کچہری کی حدود میں اسلحہ کیسے پہنچا اس کی تفتیش جاری ہے، فائرنگ کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی ہے، غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔دوسری جانب آئی جی پنجاب عارف نواز نے راولپنڈی کچہری میں فائرنگ کا نوٹس لے لیا اور متعلقہ پولیس کو ملزمان کی جلد گرفتاری کی ہدایت دے دی جس کی روشنی میں سی پی او راولپنڈی نے ایس پی پوٹھوہار سید علی کی سربراہی میں 3رکنی تفتیشی ٹیم تشکیل دے دی۔