فیصل آباد، ریلوے پریم یونین کے مرکزی انتخابات کی منظوری

242

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی ادارے این آئی آر سی نے ریلوے پریم یونین سی بی اے کے مرکزی انتخابات کی منظوری دے دی، حافظ سلمان بٹ مرکزی صدر، شیخ محمد انور سینئر نائب صدر، خیر محمد تنیو جنرل سیکرٹری، تبریز عباس مرکزی چیف آرگنائزر سمیت 18 مرکزی عہدیداروں کے ناموں کا نوٹیفکیشن جاری، ملک بھر کے ریلوے ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ ریلوے پریم یونین کے رہنماؤں خالد محمود چودھری، ملک بشیر، باؤ طاہر، باسط شفیق، ظہیرالدین بابر نے حافظ سلمان بٹ اور دیگر مرکزی عہدیداران کو این آئی آر سی کی طرف سے کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری ہونے پر مبارک باد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ حافظ سلمان بٹ اور ان کی ٹیم اپنی تمام تر توانائیاں مزدوروں کی فلاح و بہبود اور پریم یونین کی جدوجہد کو آگے بڑھانے کے لیے صرف کر یں گے اور ریلوے ملازمین کے لیے حافظ سلمان بٹ کی بے مثال جدوجہد جاری رہے گی۔ پریم یونین کے بے مثال جدوجہد اور ریلوے ملازمین کی محنت سے ریلوے آج اپنے پاؤں پر کھڑا ہوچکا ہے۔ پریم یونین اور ریلوے ملازمین کی انتھک محنت اور کوششوں سے ریلوے جیسا قومی ادارہ خسارے سے نکل کر آمدن کی طرف گامزن ہو چکا ہے، حکمران ریلوے کی نجکاری کرکے اسے اونے پونے داموں فروخت کرنے کا فیصلہ کرچکے تھے لیکن پریم یونین نے اپنے قائد حافظ سلمان بٹ کی قیادت میں ملک بھر کے ریل مزدوروں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرکے ساری توانائیاں اور جدوجہد ریلوے کی فلاح وبہبود اور ترقی پر صرف کردی، جس کے نتیجے میں ریلوے آج پی آئی اے، اسٹیل مل اور ایسے دوسرے اداروں کے لیے رول ماڈل بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ کئی سال میں خسارے میں ڈوبے ہوئے ادارے کا منافع میں جانا ایک اہم پیش رفت ہے۔