چیئر مین سینیٹ کے خلاف ،وزیر اعظم کا بیان واپس نہ لینے پر اسلام آباد مارچ کی دھمکی

357

کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے متعلق بیان پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے معافی مانگنے کا مطالبہ کردیا۔کوئٹہ میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو ہٹانے کے بیان پر دکھ ہوا، وزیراعظم کے اس بیان پر بلوچستان کے عوام کو تکلیف ہوئی ہے، وزیراعظم کو اس بیان پر معافی مانگنی چاہیے اگر انہوں نے معذرت نہ کی تو بلوچستان سے اسلام آباد تک مارچ کریں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم پوائنٹ اسکورنگ میں نہیں جانا چاہتے، ہمیں وزیراعظم کے بیان سے دلی تکلیف ہوئی، وزیراعظم کا بیان قابل افسوس ہے اور اس بیان سے صوبے کے عوام ناراض ہیں، وزیراعظم اپنا بیان واپس لیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں سینیٹ کاالیکشن جمہوری طریقے سے ہوا، بلوچستان سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی جیت پر عمران خان اور پیپلزپارٹی سمیت سب دوستوں کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔واضح رہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اپوزیشن کو چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو تبدیل کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ چیئرمین منتخب ہوا جس کے لیے پیسے دے کرووٹ خریدے گئے اور ان کی عوام میں کوئی عزت نہیں۔