موٹروے ایم 4اورایم 5جھنگ فیصل آباد ،خانیوال کی منڈیوں سے منسلک ہوجائے گا 

594

جھنگ میں اون، کارپٹ، فرنیچر، دستکاری، ماربل، ہوزری اور بیڈ شیٹس کی صنعتوں کو ترقی دی جائے ۔

جھنگ میں اسمال اور میڈیم انڈسٹریز کے لئے سرمایہ کاری اور موثر مارکیٹنگ کی ضرورت ہے۔میاں زاہد حسین
پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر ،بزنس مین پینل کے سینئر وائس چےئر مین اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہاہے کہ جھنگ شہرصوبہ پنجاب سے کھجور کی برآمدات میں بیشتر حصہ مہیا کررہا ہے۔ شہر میں کاٹن، تیل اور دستکاری کی صنعتوں کی برآمد کے کثیر مواقع موجود ہیں جن سے سرمایہ کار فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔

شہر میں اس وقت 200سے زیادہ صنعتی و تجارتی یونٹس ہیں جن میں اون، کارپٹ، فرنیچر، دستکاری، ماربل، ہوزری اور بیڈ شیٹس قابل ذکر ہیں۔ جھنگ کی زرعی پیداوار میں گندم، کپاس، چاول، گنا، پھل اور سبزیاں شامل ہیں۔ لائیو اسٹاک اور پولٹری کی تعداد میں بڑی حد تک اضافہ ہوا ہے۔ میاں زاہد حسین نے بزنس کمیونٹی سے گفتگو میں کہاکہ سی پیک کے تحت زیر تعمیر M-4کے ذریعے شہر کو فیصل آباد اور M-5کے ذریعے خانیوال سے منسلک ہو جائیگا جس سے جھنگ کی مصنوعات کو بڑی منڈیوں تک تیزتر رسائی میسر ہوگی۔ میاں زاہد حسین نے کہا شہر میں انڈسٹریل/اکنامک زون بنانے کے لئے جھنگ کی لوکل ایڈمنسٹریشن متحرک ہے لیکن تاحال اسکی کوئی عملی شکل وجود میں نہیں آئی، نیز شہر میں سالڈ ویسٹ ڈسپوزل کا کوئی منظم سسٹم نہیں ہے

شہر میں آلودگی کا باعث ہے، جھنگ سے تعلق رکھنے والے بااثر سیاسی افراد اورکمشنر جھنگ اس سلسلے میں درکار اقدامات کرکے شہر کا حق ادا کریں۔ اکنامک زون کے قیام سے نہ صرف شہر کی موجودہ صنعتیں ترقی کریں گی بلکہ شہر میں نئی سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع میسر آئیں گے، جبکہ شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہونے سے یہاں نئے سرمایہ کار متوجہ ہونگے۔ میاں زاہد حسین نے کہاکہ جھنگ میں اسمال اور میڈیم انڈسٹریز کی اشد ضرورت ہے جس کے لئے سرمایہ کاروں کو متوجہ کرنے کے لئے حکومت اقدامات کرے۔ موجودہ صنعتوں جن میں دستکاری، فرنیچر اورہوزری قابل ذکر ہیں کی ترقی کے لئے فوری اقدامات وقت کی ضرورت ہے۔ اس سے نہ صرف ملکی معیشت میں جھنگ کا حصہ بڑھے گا ۔

شہر بھی ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ میاں زاہد حسین نے کہا پنجاب اسمال انڈسٹریز کارپوریشن اور کمرشل بینکس کے ساتھ ساتھ کئی لیزنگ کمپنیاں اور انوسٹمنٹ بینکس اسکلڈ یوتھ ، دستکاروں، صنعتکاروں اور متوقع انٹرپرینیورز کو مالی معاونت فراہم کررہیں ہیں جس سے نئے سرمایہ کار بطور خاص فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں جھنگ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کو مطلوبہ کاوشیں کرنے کی ضرورت ہے۔ میاں زاہد حسین نے جھنگ چیمبر کو پی بی آئی ایف کے تعاون کا یقین دلایا۔