سازش کے تحت اداروں کے درمیان فاصلے پیدا کیے جارہے ہیں

180

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے ضلعی امیر سردار ظفر حسین خان نے پاک فوج کے ترجمان کی طرف سے کسی بھی این آر او یا نئی آئینی ترمیم سے لاتعلق ہونے کے بیان کوخوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم پاک فوج کے اس مؤقف کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، ملک میں جمہوریت کا تسلسل رہنا چاہیے۔ جمہوریت مضبوط ہوگی تو قومی ادارے بھی مستحکم ہوں گے۔ ملک میں بروقت انتخابات کا انعقاد ضروری ہے۔ سازش کے تحت اداروں کے درمیان تناؤ اور فاصلے پیدا کیے جارہے ہیں۔ باہمی چپقلش اور بداعتمادی سے ملک وقوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ سکتا ہے۔ تمام اداروں کو آئین وقانون کی پاسداری کرتے ہوئے اپنی حدود کے اندر رہ کر کام کرنا ہوگا۔ پاکستان مزید کسی غیر یقینی اور عدم استحکام کی صورتحال کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ سابقہ اور موجودہ حکمرانوں نے ذاتی مفادات کی خاطر ملک وقوم کو ہمیشہ نقصان پہنچایا ہے۔ پاناما کیس میں بے نقاب ہونے اور بعد ازاں نااہل ہونے والے سابق وزیر اعظم نواز شریف اداروں کیخلاف مسلسل ہرزہ سرائی کررہے ہیں۔ انہیں 2018ء کے انتخابات کا انتظار کرنا چاہیے اور احتسابی عمل کے حوالے سے قومی اداروں کے ساتھ تعاون کرنا چاہیے تاکہ ملک سے کرپشن کا خاتمہ ہوسکے۔ عدلیہ اور فوج پر کھلم کھلا تنقید سے معاملات مزید خراب ہوں گے۔