جماعت اسلامی فاٹا انضمام کی تحریک کو انجام تک پہنچائے گی ، مشتاق خان

206

پشاور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان کی قیادت میں وفد نے گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا سے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ وفد میں جماعت اسلامی فاٹا کے امیر سردار خان اور شعبہ تعلقات عامہ جماعت اسلامی فاٹا کے سربراہ سراج الدین خان شامل تھے۔ ملاقات میں فاٹا انضمام ، قبائلی علاقوں میں تعلیم ، صحت اور انفرااسٹرکچر کے میگا پروجیکٹس کی جلد از جلد تکمیل، قبائلی نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقعوں کی فراہمی اور قبائلی خطے اور قبائلی عوام کو سی پیک کے پروجیکٹس میں اپنا جائز حصہ دینے سمیت دیگر امور پر بات چیت ہوئی ۔ امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے گورنر اقبال ظفر جھگڑا پر واضح کیا کہ فاٹا انضمام کے حوالے سے مزید تاخیر فاٹا کے عوام لیے ناقابل قبول اور ناقابل برداشت ہے۔ فاٹا کی محرومیوں اور فاٹا کے عوام کی ہمہ پہلو ترقی کا واحد حل فاٹا کا خیبر پختونخوا میں انضمام اور اس کے ساتھ ساتھ تعلیم ، صحت، روزگار اور انفرااسٹرکچر کے حوالے سے میگا ترقیاتی پروجیکٹس کی فراہمی ہے۔ فاٹا انضمام میں تاخیر سے فاٹا کے عوام کے اندر شدید اضطراب اور بے چینی ہے اور جماعت اسلامی فاٹا انضمام کی اس تحریک کو منطقی انجام تک پہنچائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک گیم چینجر منصوبہ ہے، سی پیک کے اوپر ملک کے پسماندہ علاقوں اور محروم خطے کا زیادہ حق ہے۔ سی پیک کے ثمرات فاٹا کے عوام تک پہنچانے کے لیے جلداز جلد واضح اور نظر آنے والے اقدامات ہونے چاہییں۔ فاٹا کے نوجوانوں کو روزگار دلا کر فاٹا میں ترقی کے عمل کو بھی آگے بڑھایا جاسکتا ہے اور فاٹا میں امن و امان کے عمل کو بھی مستحکم کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا میں امن و امان کے لیے ضروری ہے کہ فاٹا میں سیاسی جماعتوں کو کھل کر سیاسی سرگرمیوں کے انعقاد کا ماحول فراہم کیا جائے، اسی کے نتیجے میں فاٹا کے اندر امن میں استحکام آئے گا۔ گورنر اقبال ظفر جھگڑا نے فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام پر اتفاق کیا اور اس کے لیے بھر پور کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی ، اسی طرح فاٹا کے عوام کو صحت، تعلیم ، انفرااسٹرکچر اور فاٹا کے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے لیے ہونے والے اقدامات کی تفصیل رکھی اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ فاٹا کے عوام کو سی پیک کے ثمرات پہنچانے کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔