بلدیہ عظمیٰ اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ سے پی ایس ایل پر اخراجات کی تفصیل طلب

238

کراچی ( رپورٹ : محمد انور ) حکومت سندھ نے پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل ) کے فائنل کے موقع پر خصوصی انتظامات کے لیے بلدیہ عظمیٰ اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ کو دیے گئے 21 کروڑ روپے کے اخراجات کی تفصیلات طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے جمعہ کو بتایا ہے کہ صوبائی چیف سیکرٹری رضوان میمن نے 30 مارچ کو پی ایس ایل کے لیے جاری کیے گئے فنڈز کے حوالے جسارت میں شائع ہونے والی خبر کا نوٹس لیکر میٹروپولیٹن کمشنر کراچی ڈاکٹر اصغر عباس اور ڈپٹی کمشنر شرقی سے پی ایس ایل کے انتظامات پر خرچ کیے جانے والی رقم کے حسابات پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے اینٹی کرپشن پولیس سے بھی اس حوالے سے انکوائری کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ یادرہے کہ حکومت سندھ نے کرکٹ کے 25 مارچ کو ہونے والے فائنل کے لیے بلدیہ کراچی کو 13 کروڑ 50 لاکھ اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ کو 7 کروڑ 50 لاکھ روپے کے فنڈز جاری کیے تھے۔ ڈسٹرکٹ ایسٹ کی انتظامیہ نے شائقین کرکٹ کے لیے شٹل سروس چلانے ، پارکنگ کا انتظام اور عارضی بیت الخلا قائم کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ کے ایم سی کا کہنا ہے کہ اس نے سڑکوں کو ہیچ ورک کرکے بہتر کیا تھا جبکہ روشنی کے خصوصی انتظامات کے ساتھ اسٹیڈیم کے قریب فلائی اوور پر رنگ کرایا تھا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کے ایم سی طرف سے کرائے جانے والے تمام کام زیادہ سے زیادہ 7 کروڑ روپے اور انتظامیہ کی جانب سے کیے جانے والے انتظامات پر 3 کروڑ روپے کے اخراجات کے آئے ہونگے۔اس لیے ان اخراجات کی انکوائری ہونا ضروری ہے۔