نااہل حکمران منافع بخش اداروں کوفروخت کرنا چاہتے ہیں، میاں مقصود

196

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہاہے کہ قومی ائر لائن پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثارکی جانب سے ازخود نوٹس لینا خوش آئند ہے۔ منافع بخش اداروں کو ناقص حکمت عملی اور اونے پونے داموں فروخت کرنے کی خواہش نے حکمرانوں کی نااہلی کو عیاں کردیا ہے۔ حکومت ہر محاذ پر عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ثابت ہوئی ہے۔ ایک طرف پی آئی اے کے مختلف روٹس بند کیے جارہے ہیں تو دوسری طرف منافع بخش روٹ وزیر اعظم کی اپنی ائر لائن ائر بلیو اور دیگر ائر لائنز کو دینے کی باتیں بھی میڈیا میں آرہی ہیں جوکہ قابل مذمت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز لاہور میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کے قومی ادارے پی آئی اے،اسٹیل مل،واپڈااورریلوے سیاسی بھرتیوں کے باعث خسارے میں جارہے ہیں۔ اقرباپروری اور موروثیت نے سرکاری اداروں کابیڑہ غرق کر دیا ہے۔پاکستان وسائل کی دولت سے مالامال ہے مگر بدقسمتی سے حکمرانوں کے عاقبت نااندیش فیصلوں کی بدولت مسائلستان بن چکا ہے۔جب تک حکمران اپنا قبلہ درست نہیں کرلیتے ملکی حالات بہتر نہیں ہوسکتے۔ انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کی ڈنگ ٹپاؤپالیسیوں کا خمیازہ پوری قوم بھگتنے پر مجبور ہے۔ٹھنڈے اسے سی کمروں میں بیٹھ کر عوام کے مسائل کاحل نہیں نکالا جاسکتا۔ محب وطن قیادت کافقدان ہماراسب سے بڑا المیہ ہے۔ جب تک پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایماندار، پاک صاف اور باکردار قیادت میسر نہیں آجاتی ملکی مسائل حل نہیں ہوسکتے۔انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کا بس چلے توپورے ملک اور اس کے تمام اداروں کو بھی فروخت کردیں۔موجودہ حکمرانوں کی ان ظالمانہ پالیسیوں کے خلاف عوام کو متحد ہونا پڑے گا۔ملک میں مسائل کے انبار لگے ہیں۔لوگوں کے لیے دووقت کی باعزت روٹی کمانا بھی مشکل ہوچکا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق پاکستان کی نصف سے زائد آبادی دوڈالریومیہ کمانے پر مجبور ہے جبکہ حکمران صرف اور صرف اپنے خزانے بھرنے کے سواکچھ نہیں کررہے۔ کرپشن ملک کا سب سے بڑا مسئلہ بن چکی ہے اور بدعنوانی کے خاتمے تک ملک ترقی نہیں کرسکتا۔