قبائلی عوام کو شناختی کارڈ کی فراہمی یقینی بنائی جائے، مشتا ق خان

292
باڑہ،امیرجماعت اسلامی خیبرپختونخوا سنیٹر مشتاق احمد خان گرینڈ یوتھ کنونشن سے خطاب کررہے ہیں 
باڑہ،امیرجماعت اسلامی خیبرپختونخوا سنیٹر مشتاق احمد خان گرینڈ یوتھ کنونشن سے خطاب کررہے ہیں 

پشاور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ میں گرینڈ یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ قبائلی عوام کے ساتھ حکومت کا رویہ ظلم اور جبر پر مشتمل ہے۔ پورے ملک کے لیے سی پیک ، میٹرو اور اورنج لائن ٹرین کے منصوبے ہیں لیکن قبائلی علاقوں کے لیے ایف سی آر اور فوجی آپریشن ہیں۔ باقی پاکستان کے لیے سڑکیں اور ترقیاتی اسکیمیں ہیں اور قبائلی عوام کے لیے چیک پوسٹیں، تلاشی ، بے عزتی اور تذلیل ہے۔حکومت قبائل کے ساتھ ظالمانہ سلوک بند کرے، قبائلی عوام کے مسائل حل کرے اور انہیں صحت، تعلیم اور روزگار کی سہولیات دے، انفرااسٹر کچر کی بحالی اور تباہ شدہ گھروں مرمت اور کاروبار کی بحالی کے لیے بڑے مالیاتی پیکج کا اعلان کرے۔نادرا کا قبلہ درست کیا جائے اور قبائلی عوام کو بلاتعطل شناختی کارڈ کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔قبائلیوں کی پاکستانی شناخت نادرا نے چھینی ہے، نادرا نے اپنا قبلہ درست نہ کیا تو نادرا دفاتر کا گھیراؤ کریں گے۔ پاکستان میں قبائلیوں کی قربانیوں کی وجہ سے دہشت گردی کو شکست ہوئی۔ قبائلیوں نے اپنے جان مال اور گھر بار کی قربانی دے کر امن کو بحال کیا ہے۔ حکومت قبائلی عوام کی قربانیوں کا اعتراف کرے اور ان کے نقصانات کا ازالہ کرے۔ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو 6 اپریل کو قبائلی عوام کے حقوق اور مطالبات کی منظوری کے لیے بڑی عوامی تحریک کا اعلان کریں گے اور عوامی اجتماعات کا شیڈول دیں گے۔نوجوان ہماری طاقت اور پاکستان کا مستقبل ہیں۔ نوجوان پاکستان کے ایٹمی قوت سے زیادہ طاقتور ہیں، افسوس کی بات ہے کہ وزیر اعظم اور صدر ہاؤس کا بجٹ کروڑوں روپے میں لیکن نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے نہ کوئی فنڈ ہے اورنہ ہی کوئی منصوبہ ہے۔جے آئی یوتھ مبارکباد کی مستحق ہے کہ وہ نوجوانوں کو اسلام سے روشناس اور پاکستان کی خدمت کے لیے تیار کررہی ہے۔