پہلا ٹی ٹوئنٹی ‘شائقین کا جوش وولولہ ٹھنڈا پڑگیا

270
کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں قومی کپتان سرفراز احمد اور ویسٹ انڈیز قائد جیسن محمد پاک ویسٹ انڈیز ٹی ٹوئنٹی سیریز ٹرافی کی رونمائی کرتے ہوئے‘جب کہ میچز سے قبل مہمان کھلاڑی پریکٹس سیشن میں مصروف ہیں‘ آخری تصویر میں کھلاڑیوں کو ہوٹل سے سخت سیکورٹی میں اسٹیڈیم لایاجارہاہے
کراچی نیشنل اسٹیڈیم میں قومی کپتان سرفراز احمد اور ویسٹ انڈیز قائد جیسن محمد پاک ویسٹ انڈیز ٹی ٹوئنٹی سیریز ٹرافی کی رونمائی کرتے ہوئے‘جب کہ میچز سے قبل مہمان کھلاڑی پریکٹس سیشن میں مصروف ہیں‘ آخری تصویر میں کھلاڑیوں کو ہوٹل سے سخت سیکورٹی میں اسٹیڈیم لایاجارہاہے

کراچی (سید وزیرعلی قادری) نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان گزشتہ روز کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی میچ میں تماشائیوں کا وہ جوش و ولولہ نظر نہیں آیا جوپی ایس ایل تھری کے فائنل میں دیکھنے کوملا تھا۔ دوسری جانب متعدد تماشائیوں نے جسارت کو بتایا کہ انہیں ٹکٹ کے حصول میں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ۔ پی سی بی کو اس مسئلہ پرخصوصی توجہ دینی چاہے۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے مین داخلی راستے پرتماشائیوں کو اندر داخل ہونے میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ماجد خان انکلوژر کے ایک کارڈ ہولڈر امیر بخت کے پاس جو ٹکٹ تھا اس پر اسکے بیٹے کا شناختی کارڈ نمبر درج تھا جسکے باعث گیٹ پر مامور سیکورٹی اہلکار اس سے الجھ گیا ۔ اس کا موقف تھا کہ آپ کا شناختی کارڈ نمبر ٹکٹ پر درج نہیں ۔ تاہم کافی بحث و مباحثہ کے بعد مذکورہ تماشائی کو اندر جانے کی اجازت دی گئی۔مقامی انتظامیہ نے اس مرتبہ ایرکنڈیشنز کوچزکا انتظام کیا تھاجبکہ پی ایس فائنل کے موقع پر مقامی نان اے سی کوسٹر کو ہائر کیا گیا تھا۔ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈنے کچھ اے سی گاڑیاں لاہور سے بھی منگوائی ہیں۔ جبکہاسسٹنٹ کمشنر کراچی نے بھی شٹل سروس کاکافی اچھا انتظام کیا ہے۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کے آغاز سے کئی گھنٹے قبل وزیر داخلہ سندھ نے اسٹیڈیم میں سیکورٹی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ ان کے ساتھ دیگر اعلی حکام بھی موجود تھے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے صحافیوں کی سہولت کے لیے پریس کلب سے خصوصی شٹل سروس چلائی جس سے کھیلوں سے وابستہ صحافی آرام سے نیشنل اسٹیڈیم کے بالکل اندر تک آگئے۔ تمام صحافیوں نے پی سی بی چئیرمین نجم سیٹھی کاشکریہ ادا کیا۔ میڈیامنیجر رضا کے مطابق یہ سہولت دوسرے اور تیسرے میچ میں بھی فراہم کی جائے گی۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے گئے انتظامات اور مختلف روٹس پر عوام کے لیے سڑک بند کیے جانے کی وجہ سے عام شہریوں کو کافی پریشانی کاسامنا کرنا پڑا۔ جبکہ نیشنل اسٹیڈیم کے اطراف میں قائم تمام دکانیں اور کاروبار بندرہا۔