الخدمت یونس خٹک میموریل اسپتال مانسہرہ کے نئے بلاک کا افتتاح

159

پشاور(وقائع نگار خصوصی)الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت مانسہرہ میں قائم الخدمت یونس خٹک میموریل مدر اینڈ چائلڈ اسپتال کے نئے بلاک اور آپریشن تھیٹر کا افتتاح کر دیا گیا جس سے علاقے کے مکینوں کو گھر کی دہلیز پر معیاری طبی سہولیات میسر ہوں گی۔الخدمت یونس خٹک میموریل اسپتال کے نئے بلاک اور آپریشن تھیٹر کی افتتاحی تقریب الخدمت فاؤنڈیشن کے صوبائی صدر خالد وقاص کی صدارت میں منعقدہ ہوئی،تقریب کے مہمان خصوصی الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی نائب صدر سید احسان اللہ وقاص تھے جبکہ تقریب میں الخدمت کے صوبائی نائب صدر احسان الحق یاسر،ضلعی صدر ظہور احمد تنولی،سابق صدر ملک اورنگزیب اور محمد کامران سمیت معززین علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی سید احسان اللہ وقاص نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن ملک بھر میں سات شعبوں کے تحت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے کوشاں ملک کا سب سے بڑا فلاحی ادارہ ہے جس کے ہزاروں رضاکار ملک کے طول وعرض میں خدمت انسانیت میں مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زلزلہ،سیلاب اور دیگر قدرتی سانحات میں الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکاروں کی لازوال قربانیوں کی ایک دنیا معترف ہے ۔انہوں نے کہا کہ حاجی یونس خٹک مرحوم جماعت اسلامی ضلع مانسہرہ کے سابق امیر تھے جنہوں نے اپنی زندگی دکھی انسانیت کی بلا تفریق خدمت کے لیے وقف کر رکھی تھی اور ان کی وفات کے بعد ان کے لواحقین کی جانب سے ان کے مشن کو جاری رکھنا قابل تقلید عمل ہے ۔اس موقع پر انہوں نے فیتہ کاٹ کرالخدمت یونس خٹک میموریل اسپتال کے نئے بلاک کا افتتاح کیا۔